لاہور( این این آئی) جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر نواب شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ اعتماد کا رشتہ بحال کرنے کےلئے وفاق کو ہمارے مطالبات زیر ‘ زبر کی تبدیلی کے بغیر تسلیم کرنا ہونگے ‘ بلوچستان کے معاملات کے حل کےلئے آٹھ نکات تجویز کر دئیے ہیں لیکن حکومت نے ان پر عملدرآمد کےلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں اٹھائے ‘ بلوچی صرف اپنائیت اور عزت چاہتے ہیں لیکن کسی حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی۔ وہ گزشتہ روز ٹیک سوسائٹی کی طرف سے بلوچستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جمع ہونےوالے مظاہرین سے خطاب کر رہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بلوچستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ جب تک اکبر بگٹی کے قاتل پرویز مشرف کو گرفتار ‘ لاپتہ افراد کی بازیابی‘ مسخ شدہ لاشوں کا ملنا اور ماورائے عدالت قتل نہیں رکتے ‘ ہماری خواتین اور بچوں کو مارنے والے اہلکاروں کو منظر عام پر نہیں لایا جاتا وفاق سے اعتماد کا رشتہ بحال نہیں ہو سکتا۔ بلوچستان میں آج بھی فوجی آپریشن جاری ہے لیکن حکومت اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں ‘ حکومت جب تک اپنے طرز عمل میں تبدیلی اور ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی اعتماد کا رشتہ بحال نہیں ہو سکتا ۔
زین بگٹی
زین بگٹی