دوحہ (ثناءنیوز) قطر کے امیر نے کہا کہ میرا ملک خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا قطر نے افغانستان میں امن عمل میں مدد دینے کی کوششوں میں پاکستان کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ قطر کے امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی نے یہ یقین دہانی دوحہ میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات میں کرائی۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی حکومت مزید پاکستانی کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے کے امکان کا جائزہ لے گی۔ قطر کے امیر نے کہا کہ میرا ملک خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے تصفیے کیلئے مسلمان دنیا میں قطر کے قائدانہ کردار کا اعتراف کرتا ہے۔ اس سے پہلے وزیر خارجہ نے قطر کے وزیر خارجہ شیخ حمد بن جاسم بن جابر الثانی سے افغانستان سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کی۔ وزیرخارجہ نے قطر کے توانائی کے وزیر سے بھی ملاقات کی اور توانائی کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بنیادی تنازع کو نظرانداز نہیں کرے گا۔
قطر/ آزاد تجارت