ملک تباہ کرنیوالے حکمران قومی مجرم ہیں انکے خلاف آئین کے تحت کارروائی ہونی چاہیے : سیاسی و مذہبی رہنماﺅں کا ردعمل

Mar 05, 2013


لاہور/اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان کی دینی و سیاسی جماعتوں نے ملک میں ہونیوالی دہشت گردی کا ذمہ دار موجودہ حکمرانوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گلی محلوں تک پہنچ چکے ہیں مگر بے حس حکمران ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں‘ پےپلزپارٹی ملک میں تباہی کی علامت بن چکی ہے اس کا مقام رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔خود بادشاہوں کی طرح زندگی گزارنے والے حکمرانوں کو ملک اور قوم کی کوئی فکر نہیں‘ حکمرانوں کیلئے پاکستان کے 18 کروڑ عوام نہیں” منگنی “کی حفاظت ضروری ہے۔ اپنے ردعمل مےں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، میاں محمود الرشید نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ملک پر مسلط حکمرانوں کی توجہ ملک کو مسائل سے نکالنے پر نہیں بلکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی اور اپنی جیبیں بھرنے پر لگی ہوئی ہے اور جب تک ہم دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی جنگ کا حصہ رہیں گے ملک میں امن ممکن نہیں۔ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،مولانا امجد خان،عبدالغفور حیدری نے کہا کہ دہشت گرد گلی محلوں تک پہنچ سکے ہیں مگر بے حس حکمران ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں۔ حکمران ہر محاذ پر ناکام ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ اور قومی امنگوں کے مطابق پالیسی بناتی تو آج ملک میں دہشت گردی کے حالات ایسے نہ ہوتے لیکن بدقسمتی سے اقتدار بچاتے بچاتے حکمرانوں نے ملک کو دہشت گردی کی آگ میں دھکیل دیا ہے اور آئندہ انتخابات میں انہیں اس کا ضرور حساب دینا پڑیگا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب حکمرانوں کیلئے پاکستان کے 18 کروڑ عوام کی بجائے کسی کی منگنی کی حفاظت ضروری ہو جائے تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں تباہی کی علامت بن چکی ہے اور اس کا مقام رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔ جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور عاصم مخدوم نے کہا کہ امریکہ کے غلام حکمرانوں کی طاقت کی پالیسی نے ملک میں دہشت گردی کو فروغ دیا ہے اور صرف وفاقی نہیں صوبائی حکومتیں بھی ملک میں امن و امان میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر‘ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی اور حکمران نہ صرف ناکام ہو چکے ہیں بلکہ جس طرح ملک کو تباہ کیا یہ قومی مجرم ہیں اور ان کے خلاف آئین کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ،میاں آصف نے بھی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم ہاتھ اٹھا کر حکمرانوں کو بددعائیں دے رہی ہے۔جماعت اسلامی کے امےر سےد منور حسن اور سےکر ٹری جنرل لےاقت بلوچ نے کہا کہ ملک مےں دہشت گردی حکمرانوں کی ناکا م پالےسوں کا نتےجہ ہے اور جب تک ملک پر امر ےکہ کے غلام حکمران مسلط ہےں ملک سے دہشت گردی سمےت دےگر مسائل کا حل ممکن نہےں ۔ غلام مصطفی کھر نے کہا کہ ملک مےں دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہےں۔
سیاسی و مذہبی رہنما

مزیدخبریں