بہاولپور (نامہ نگار) 50 برس سے اہل بہاولپور کا حق کھایا جا رہا ہے، حکمرانوں کو لوٹی ہوئی رقم بہاولپور عوام کے قدموں میں نچھاور کرنا ہو گی، بہاولپور صوبہ بحالی کے سوا کوئی آفر یا آپشن ہر گز قبول نہیں، صوبہ بحالی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دوں گا، کوئی امیدوار مسلط نہیں کرونگا، عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں۔ اِن خیالات کا اظہار بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کے نواب صلاح الدین عباسی نے قبولہ فتیانی چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتنا عرصہ ظلم برداشت کرتے رہے لیکن اب آرام وچین سے نہیں بیٹھیں گے اورکسی کو بہاولپوری عوام پر مزید ظلم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ بہاولپورکے حصے کے فنڈ لاہور اور دیگر شہروں میں خرچ ہوتے رہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔ الیکشن میں زیادہ تر ٹکٹ نوجوانوں کو دئیے جائیں گے۔ نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ صوبہ بحالی تک زندگی کی مہلت دیدے بے شک صوبہ بحال ہونے کے اگلے ہی منٹ بعد جان لے لے۔ سابق وفاقی وزیر محمد فاروق اعظم ملک نے کہا کہ قبولہ فتیانی کے چھوٹے سے علاقے میں ہزاروں افراد کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اِس بات کی غمازی ہے کہ اب بہاولپور صوبہ بحالی کی منزل بہت قریب آچکی ہے۔ میاں ممتاز احمد متیانہ نے کہا کچھ لوگ اس وجہ سے شاید جلسہ میں نہ آئے کہ انکی جماعت نہ ناراض ہو جائے لیکن مجھے کسی کی پروا نہیں اور نواب صلاح الدین عباسی کے شانہ بشانہ صوبہ بحالی کی جدوجہد کریں گے۔ سابق ایم این اے ڈاکٹر نور محمد غفاری نے کہا کہ بار بار پارٹیاں بدلنے اور بھاگنے والے لوگ نہیں۔
صلاح الدین عباسی