پاکستان ایران سرحد پر انٹگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم نصب

Mar 05, 2013

کوئٹہ + کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) نادرا نے پاکستان، ایران کی بین الاقوامی سرحد پر انٹگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم نصب کر دیا۔ چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو محفوظ بنانے کا عمل اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے سے شروع ہوتا ہے۔ انٹگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم نے پاکستان ایران کی سرحد پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ طارق ملک نے کہا ہے کہ ”پاکستان کو محفوظ بنانے کا عمل اپنی سرحدوںکو محفوظ بنانے سے شروع ہوتا ہے۔ اور اس کا مطلب یہ ہے کہ تمام سرحدیں بین الاقوامی ایئرپورٹس، زمین ، ریل سے منسلک اور سمندری سرحدیں۔“نادرا کی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نظام کو پاکستان کے امیگریشن قوانین کے مطابق خاص طور پر ترتیب دیکر تیار کیا گیا ہے، جو غیرقانونی داخلے، جعلی دستاویزات کے استعمال، انسانی سمگلنگ، اور دیگر سفری فراڈ کے امکانات کی روک تھام میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت IBMS نے پاکستان - ایران کی سرحد پر کام کرنا شروع کر دیا ہے جس کے تحت ان سٹیشنوں سے کل سے تمام مسافرووں کے داخلے / اخراج کو منظم کرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کو ویزا کے اجرا ءسے لے کر ملک سے روانگی اور ملک میں آمد تک پورے عمل کی دستاویزی شکل دینے اور اسے اسٹور کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ انسانی سمگلنگ اور اس کے ساتھ ساتھ ملک سے غیر قانونی طور پر ترک وطن کرنے والوں کو روکا جا سکے۔

مزیدخبریں