پرویز مشرف کی جماعت کو لیگوں کے اتحاد میں شامل نہیں کرینگے: پگاڑا

لاہور (این این آئی) فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرپگاڑا نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی جماعت کو لیگوں کے اتحاد میں شامل نہیں کیا جائےگا‘خواہش تھی کہ انتخابات سے قبل مسلم لیگیں اکٹھی ہو جاتیں تاہم ایسا نظر نہیں آتا لیکن امید ہے انتخابات کے بعد کوئی صورت نکل آئیگی‘ ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ عام انتخابات میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہوئی دیکھ رہا ہوں‘ گورنر پنجاب احمد محمود نے اپنے گھر سے پنجاب کے لئے کچھ نہیں کیا صرف بیٹوں کو رکن اسمبلی بنوایا وہ اب کیسے کامیاب ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائنز لاءفورم کے وفد سے ملاقات میں گفتگو میں کیا جس نے فنکشنل لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ پیر پگاڑا نے کہا کہ ماضی میں اعلیٰ قیادت کا عوام سے رابطہ نہیں رہا تاہم اب خود عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کے بجائے زوال کی جانب بڑھ رہا ہے جسکے ذمہ دارا حکمران ہیں، عام انتخابات میں حالات خراب ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ نوازشریف، پرویزمشرف کو تسلیم نہیں کرتے جس کے باعث اے پی ایم ایل کو مسلم لیگوں کے اتحاد میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پچھلے پانچ سال میں عوام پر ظلم کی حد کردی، دہشت گردی کے باعث پیدا ہونے والے حالات میں بہتری کی امید نظر نہیں آرہی۔

ای پیپر دی نیشن