کراچی اراضی قبضہ کیس : پبلک پارک میں تجاوزات سنگین جرم ہے‘ سخت کارروائی کی جائے : چیف جسٹس

Mar 05, 2013


اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں عوامی پارکوں اور اراضی پر قبضہ اور تجاوزات کے حوالے سے جماعت اسلامی کے سابق ناظم نعمت اللہ خان کی درخواست کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے شہری حکومت اور کے ایم سی کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات میں ملوث افراد کو فوری طور پر نوٹس جاری کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ قبضہ مافیا نے نہ سرکاری سکول چھوڑے ہیں اور نہ ہی عوامی پارک ،جو بھی جگہ بھی اس پر قبضہ جما لیا ۔سڑکیں تجاوزات کی وجہ سے اتنی سکڑ کر رہ گئی ہیں کہ ٹریفک کے انتظامات درہم برہم ہوگئے۔ پبلک پارکس میں عوام کی تفریح کیلئے بنائے گئے ہیں ان میں تجاوزات اور کمرشل بنیادوں پر ان کا استعمال قانون کی نظر میں سنگین جرم ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو کراچی حکومت کی جانب سے بتایا کہ تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری ہے اس حوالے سے ایک منصوبہ بھی تشکیل دیا گیا ہے تاہم منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید وقت کی ضرورت ہے اس پر عدالت نے کہا کہ جو بھی آتا ہے بس وقت ہی مانگتا ہے اور کارروائی کرنے کو کوئی تیار نہیں۔ مارکیٹس اور بازار تجاوزات سے بھرے پڑے ہیں اس حوالے سے حکومت کو حکمت عملی وضع کرنا ہوگی ۔عدالت نے شہری حکومت اور کے ایم سی کو 28 مارچ تک مہلت دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تجاوزات/ کارروائی

مزیدخبریں