لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس ناصر شیخ سعید نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی آسامیاں تحریری، نفسیاتی امتحان اور انٹرویو کے ذریعے پُر کرنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ دوران سماعت درخواست گذار کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کو تحریری، نفسیاتی امتحان اور انٹرویو کے بغیر عہدوں پر تعینات کیا جاتا ہے جو میرٹ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اعلیٰ عدلیہ کی خالی ہونے والی آسامیوں کو مشتہر بھی نہیں کیا جاتا جس پر میرٹ پر پورا اترنے والے اہل امیدواروں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی خالی ہونے والی آسامیوں کو مشتہر کرنے کا حکم دیا جائے اور امیدواروں کو مذکورہ مراحل سے گذار کر انہیں تعینات کیا جائے جس پر فاضل عدالت نے کہا کہ وہ جوڈیشل کمشن کا ممبر ہونے کی بنا پر اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا اور معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔
ججوں / آسامیاں