لاہور (سپورٹس رپورٹر) جشن بہاراں لاہور دنگل کا ٹائٹل مقابلہ علی پہلوان نے شہوار پہلوان کو چت کرکے اپنے نام کر لیا۔ لاہور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے زیراہتمام دنگل مقابلہ میں مجموعی طور پر 13 مقابلے ہوئے۔ دوسرا بڑا جوڑ جو طاری پہلوان اور اچھو پہلوان کے درمیان تھا متنازعہ ہونے کی بنا پر ڈس کوالیفائی قرار دیا گیا۔ اس موقع پر دیگر مقابلوں میں احمد پہلوان نے عمران پہلوان کو، بلال پہلوان نے عثمان پہلوان کو، امیر پہلوان نے حافظ شاہد پہلوان کو، نومی پہلوان نے ہیرا بلوچ پہلوان کو، وقاص جٹ پہلوان نے حمزہ پہلوان کو شکست سے دوچار کیا۔ دنگل میں چھ مقابلے ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے جن میں سلامت علی مٹھو کا مقابلہ عبدالستار پہلوان، عاقب پہلوان کا مقابلہ تنویر پہلوان سے، سدھو پہلوان کا مقابلہ افضل پہلوان سے، ماما پہلوان کا مقابلہ رحمان پہلوان سے، منگا پہلوان کا مقابلہ اظہر پٹھان پہلوان سے جبکہ مانی پہلوان کا مقابلہ عدنان دانی پہلوان سے تھا۔ جشن بہاراں لاہور دنگل کے مہمان خصوصی ڈی سی او لاہور نور الامین مینگل، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر تھے جنہوں نے پہلوانوں میں تین لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی سی او نے کہا کہ پنجاب میں دیسی کشتی کے فروغ کے لئے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ہے اسی طرح دیگر مقابلے جن کا تعلق پنجاب کے کلچر سے ہے کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ آج پورے پنجاب کے پہلوان اس دنگل میں شریک ہیں۔