اسلام آباد (اے پی پی+ثناء نیوز) اسلام آباد کچہری واقعے سے چند روز قبل دہشت گردوں نے کچہری کا سروے کرکے 8 مختلف جگہوں پر نشانات لگائے، اور انہی جگہوں پر دہشت گردی کی کارروائیاں کیں۔ منگل کو ججز کے جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر بتایا گیا کہ واقعے سے پہلے ہی دہشت گرد کچہری کا سروے کر گئے تھے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ پر دہشت گردی کے حملہ کے 23 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے صرف ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ باقی کی حالت بہتر ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عائشہ نے مزید کہا کہ 23 زخمیوں میں سے 18 زخمی جو وارڈ میں ہیں ان کی حالت بالکل ٹھیک ہے ان میں کافی ڈسچارج بھی ہو جائیں گے۔