لاہور میں دہشت گردی کا خد شہ‘ سکیورٹی الرٹ، سرچ آپریشن‘ 29 گرفتار

Mar 05, 2014

لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی خدشات کے پیش نظر شہر میں سرچ آپریشن کے دوران 29 مشکوک افراد کو گرفتارکرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی خدشات کے پیش نظر لوئر مال، اندرون شہر، مسلم ٹائون، شیرا کوٹ، مصری شاہ ،گرین ٹائون، چوہنگ، ریلوے سٹیشن اور داتا دربارسے ملحقہ علاقوں سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 29 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے جبکہ پولیس نے شاہدرہ پل کے قریب ناکے پر موٹر سائیکل سوار دو افراد کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور غیر ممنوعہ اشیاء چاقو،کٹر وغیرہ برآمد کرکے تفتیش کیلئے سی آئی اے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سی آئی اے پولیس کے مطابق ملزمان سے ابھی تفتیش جاری ہے جبکہ ان نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ریلوے  سٹیشن کے قریب سے ایف آئی اے نے بابر نامی شخص کو گرفتار کر لیا اس کے قبضے سے 3سے 5 پاسپورٹ برآمد ہوئے جو اس نے مختلف ناموں سے بنا رکھے تھے ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم بابر کے خطرناک گروہ سے روابط ہو سکتے ہیں تفتیش کے بعد انکشافات متوقع ہیں۔ قبل ازیں حساس اداروں نے اطلاع دی کہ دہشت گرد لاہور میں کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں جس پر پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروںنے شہر میں سکیورٹی سخت کر دی ہے۔ اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارات خصوصاً قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی عمارتوں، عدالتوں، بڑے ہوٹلوں اور مزاروں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دئیے گئے۔ شہر میں نصب شدہ سکیورٹی کیمروں اور کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے کہ تمام کیمرے اور کنٹرول رومز درست حالت میں کام کریں۔ مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور پولیس کی گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر شہرمیں حساس اداروں و پولیس افسروں کے دفاتر اور اہم عمارتوں، مزاروں کے باہر سکیورٹی انتظامات سخت کرتے ہوئے وہاں پر بھاری رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ساتھ مسلح اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی اور واک تھرو گیٹ سے گزار کر داخل ہونے دیا جارہا ہے۔ عدالتوں کی سکیورٹی کے لئے مزید انتظامات کئے جار ہے ہیں۔ پولیس نے ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسوں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو کمرہ نہ دیں۔ شہر کے داخلی راستوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء شہر بھر میں متعلقہ تھانوں کی پولیس نے اپنے علاقے میں قائم گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلوں اور کرایہ داروں کے کوائف اکٹھے کرنے شروع کر دئیے ہیں جبکہ کار و موٹر سائیکل شوروم مالکان اور رینٹ پر دینے والے دکانداروں کو گاہکوں کے کوائف اور شناختی کارڈز کی کاپیاں بھی تھانوں میں جمع کرانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ تمام ڈی ایس پیزکو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں خود گشت کریں، پولیس ناکے چیک کئے جائیں، بارونق بازاروں مارکیٹوں میں سکیورٹی کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ نفری کی کمی کے باعث سکیورٹی کے پیش نظر پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ سے مزید اہلکاروں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں