کراچی (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین کی نجی ہسپتال آمد اہل علاقہ کے لئے زحمت بن گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اپنے ایک عزیز کی عیادت کے لئے نجی ہسپتال پہنچے تو ہسپتال کو چاروں طرف سے سکیورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر اہل علاقہ کے لئے کرفیو کا سماں پیدا کردیا۔ سکیورٹی انتظامیہ نے علاقے کے مختلف مقامات پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کی مدد سے ہٹا دیا جبکہ علاقے میں دکانداروں کو چار گھنٹے کے لئے کاروبار بند کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت کی ہسپتال آمد کے باعث اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سکولوں و کالجز میں جانے والے طلباء و طالبات کے علاوہ کاروبار اور دفاتر جانے والے افراد پھنس کر رہ گئے۔