نصیر آباد: زیر تعمیر پل پر بم دھماکہ، 2 مزدور جاں بحق، پنجگور میں 2 دہشت گرد مارے گئے

نصیر آباد + کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ الہ یار بائی پاس پر زیر تعمیر پل پر بم دھماکے میں 2 مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے جبکہ پنجگور میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ڈیرہ الہ یار بائی پاس پر زیر تعمیر پل پر بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے پل پر کام کرنے والے 2 مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے معلوم نہیں ہو سکا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ادھر پنجگور میں ایف سی کے اہلکاروں نے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران ایف سی کے اہلکاروں اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا گولیاں لگنے کے نتیجہ میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ علاوہ ازیں سوئی کے قریب سکیورٹی فورسز نے ایک گاؤں پر کامیاب چھاپہ مار کر 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار ہونے والے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں پلانٹ کو گیس سپلائی کرنے والی آٹھ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نامعلوم افراد نے دھماکے سے تباہ کردیا جس کے باعث سوئی پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ادھر نصیر آباد میں دھماکے سے تباہ پائپ لائن کی مرمت ہونے کے باوجود کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں 48 گھنٹے بعد بھی گیس بحال نہ ہوسکی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...