نیشنل ایکشن پلان کے باوجود دہشتگرد دندناتے پھررہے ہیں،صاحبزادہ محمد زبیر

Mar 05, 2015

کراچی (نیوز رپورٹر)جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرنے کہاہے کہ ہم نے سازشوں کاہمیشہ ڈٹ کرمقابلہ کیااور انہیں ناکام بنایاہے،مساجداور مدارس کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کیاجائے گا، مشاورت جاری ہے،جلد متفقہ لائحہءعمل کا اعلان کیاجائے گا۔یہ باتےں انہوں نے کراچی میں منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اجلاس میں صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، سینئرنائب صدر مفتی محمدرفیع الرحمٰن نورانی، جنرل سیکریٹری مفتی محمدبشیرالقادری نورانی شریک تھے جبکہ محمدشکیل قاسمی اور آرگنائزنگ کمیٹی یوتھ ونگ کے رکن اسفندخان بھی موجودتھے۔ صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے کہاکہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث پورا ملک دہشتگردی اور مسائل کاگڑھ بن چکاہے، دہشتگردوں نے مقدس مقامات ومزارات کوبھی نہیں بخشا،مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور مزارات پر بم دھماکے حکومتی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہیں ملک میں آپریشن ضرب عضب ، نیشنل ایکشن پلان کے باوجود دہشتگرد آزاد اور دندناتے پھررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ ملک سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکمرانوں کومنافقانہ طرزعمل چھوڑناپڑے گا،حکومت کی دورخی پالیسی مسائل کاسبب ہے ،یہاں تک کہ پاکستان کواندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مزارات ،مدارس اور مساجدکاتحفظ کرنے کے لئے ہرمسلمان قربانیاں دینے کے لئے تےارہے،سازشی عناصر بازآجائیں،اس ملک میںاب صرف کملی والے آقاﷺ کاہی سکہ چلے گا،انہوں نے کہا کہ ملک میں نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا، اتحاد اہلسنت کے لئے کوششیں جاری رہیں گی پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے یہاں نظام مصطفےٰﷺ رائج ہو کر رہے گااور نظام مصطفےٰﷺ ہی ہماری منزل ہے، اپنی منزل کے حصول کیلئے جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں