لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نابینا افراد کو روزگار سمیت ہر بنیادی سہولت فراہم کی جائے گی۔ نابینا اور دیگر خصوصی افراد حکومت اور معاشرہ دونوں کی ذمہ داری ہیں۔ پورے خلوص نیت کے ساتھ نابیناﺅں کے مسائل حل کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن آفس میں نابینا افراد کے نمائندہ وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نابینا افراد کے نمائندہ وفد سے ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے ہیں۔ نابینا افراد کے روزگار کی فراہمی کے متعلق تمام جائز مطالبات کو پورا کیا جارہا ہے۔ نابینا افراد کے نمائندوں اور حکومتی عہدیداران پر مشتمل دو کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جو پرائمری سے ایف اے تعلیم کے حامل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نابینا افراد کو روزگار کی فراہمی کے لیے علیحدہ علیحدہ کام کریں گی۔ ایف اے تک تعلیم کے حامل بیروزگار نابیناﺅں کو فوری طور پر اپنے اپنے اضلاع میں ملازمتیں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نابینا افراد کو مختلف محکموں اور اداروں میں 2 ماہ کے عرصے میں ملازمتیں فراہم کردی جائیں گی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ خود نابیناﺅں کے ساتھ مذاکرات اور یقین دہانیوں پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔ حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد نابینا افراد کے نمائندوں نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
حمزہ شہباز