اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ نے دلائل کے بعد پی پی 78جھنگ سے متعلق انتخابی عذرداری کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پی پی 78 جھنگ سے متعلق انتخابی عذرداری کی سماعت جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔ الیکشن ٹربیونل نے پی پی 78 میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا ۔ مسلم لیگ (ن )کی رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا۔شیخ محمد یعقوب کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔ شیخ محمد یعقوب کی جگہ انکی اہلیہ نے کاغذات جمع کرائے اور انتخابات جیت گئیں۔ الیکشن ٹربیونل نے انکے خاوند کے کاغذات کی بنیاد پر راشدہ یعقوب کی جیت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔ سپریم کورٹ نے راشدہ یعقوب کی رکنیت حکم امتناعی پر بحال کر دی تھی۔