متنازعہ خبرکی انکوائری جاری، مجھے ہٹائے جانے کی خبریں غلط ہیں: طارق فاطمی

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ متنازعہ خبرکی انکوائری جاری ہے، انہیں ہٹائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ایک انٹرویو میں طارق فاطمی نے کہا کہ 46 سال ڈپلومیسی کی کبھی بات باہر نہیں نکالی، متنازعہ خبر پر میڈیا میں ہونیوالی قیاس آرائی پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم جس کو چاہیں ہٹا سکتے ہیں اور جس کو چاہیں لگا سکتے ہیں، لاہور اور سیہون واقعات کے بعد افغان بارڈرکی بندش مجبوری تھی۔ پڑوسیوں سے اچھے تعلقات یکطرفہ نہیں ہوسکتے ،تعلقات کی بہتری کیلئے بھارت کو بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے آئی سی سی سمیت کرکٹ کھیلنے والے ممالک سمیت پوری دنیا کو ایک کامیاب پیغام جائیگا اور آپ دیکھیں گے کہ ملکی کھیل کے میدان پھر سے آباد ہوں گے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ موجودہ حکومت نہ صرف دہشت گرد تنظیموں بلکہ انفرادی طور پر بھی دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کاروائیاں کر رہی ہے جس سے ملکی امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
طارق فاطمی

ای پیپر دی نیشن