چکوال (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر بجلی پانی اور دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انشااللہ 2018ء ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا اور ان علاقوں میں 2018ء کے بعد بھی لوڈشیڈنگ برقرار رہے گی جو بجلی کا بل نہیں دیں گے۔ بل دینے والوں کو 24 گھنٹے بجلی ملے گی ۔ وہ قصبہ کوٹ قاضی میں مرحوم ایم پی اے ملک ظہور انور کی رہائشگاہ پر اظہار تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے حوالے سے حکومت اور فوج ایک صفحے پر ہیں، دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، ان دینی مدرسوں اور مذہبی جماعتوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں جو دہشت گردی کیخلاف ہیں۔ دہشت گردی میں نامزد تنظیموں کیخلاف بلاتفریق آپریشن جاری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گھمبیر ڈیم کی تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے اس کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف ٹوئیٹرپر ایک پیغام نے کہا ہے پی ایس ایل فائنل پر عوامی جذبہ مشکلات سے نمٹنے کا عکاس ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر دفاع نے کہا ہم واضح اور بلند آواز میں پیغام دے رہے ہیں ، خوف و دہشت ہمیں زندگی گزارنے کیلئے ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی۔
دہشت گردی کی مخالف مذہبی جماعتوں، مدارس کو گھبرانے کی ضرورت نہیں:خواجہ آصف
Mar 05, 2017