لاہور+ گوجرانوالہ ( سٹاف رپورٹر +نمائندہ خصوصی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی جوتا کلب کے ممبر بن گئے۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر شیخ رشید کی طرف جوتا پھینک دیا گیا۔ شیخ رشید میڈیا سے گفتگو کے بعد جا رہے تھے۔ اس دوران جوتا پھینکا گیا۔ شیخ کی طرف جوتا فقیر محمد عرف بابا لکھ پتی نے پھینکا جو مسلم لیگ ن کا سپورٹر بتایا جاتا ہے۔ بابا لکھ پتی کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفت پر شیخ رشید کی طرف جوتا پھینکا، اپنے قائد پر تنقید برداشت نہیں کر سکتے۔ پولیس نے بتایا لکھ پتی کو گرفتار کر لیا ہے۔ شیخ رشید پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کیلئے لاہور پہنچے تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف سے ہماری لڑائی ہے اور رہے گی، پانامہ لیکس پر تاریخی فیصلہ آنے والا ہے۔ آصف زرداری نے قذافی سٹیڈیم جانے سے منع کیا اور کہا کہ لاہور غلط جا رہے ہو، سٹیڈیم گئے تو فائدہ نواز شریف کو ہو گا۔ میں نے کہا کہ غریبوں کیلئے جا رہا ہوں، زرداری کے ساتھ تب چلیں گے جب وہ سڑکوں پر نکلیں گے۔ قبل ازیں شیخ رشید نے کہا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے انہیں دوبارہ فون کر کے پی ایس ایل فائنل میں میزبانی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن انہوں نے اپنا وعدہ وفا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں میں بھی فائنل دیکھنے نہ جاﺅں لیکن میں زبان دے چکا تھا لہٰذا میچ دیکھنے ضرور جاﺅں گا۔ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ فوجی عدالت کے حوالے سے سب جماعتوں کا اتفاق ہو چکا ہے پاکستان پیپلزپارٹی اپنے تحفظات پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرے لوگ پیپلزپارٹی کو نوازشریف کی انشورنس پالیسی کہتے ہیں پی پی پی فیصلہ کرے کہ وہ چور کے ساتھ ہے یا چوکیدار کے ساتھ ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق شیخ رشید کی جانب سے کارروائی سے انکار پر جوتے پھینکنے والے شخص کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شیخ رشید پی ایس ایل کے فائنل میچ دیکھنے کے لئے 102 ڈاﺅن ریل کار کے ذریعے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے تھے۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے شیخ رشید کو پھولوں کا گلدستہ بھجوایا گیا۔ ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے شیخ رشید کو خوش آمدید کہا ہے اور واقعہ کی مذمت کی ہے۔ شیخ رشید پر جس شخص نے جوتا پھینکا اس کا اصل نام فقیر حسین ہے اور یہ حاجی فقیر حسین عرف لکھ پتی کے نام سے مشہور ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ فقیر حسین عرصہ تقریباً 20 سال سے ٹیکسی ڈرائیور ہے اس نے اپنی ٹیکسی پر ایک سیاسی پارٹی کا جھنڈا لگا رکھا ہے جھنڈا لگانے کی وجہ سے اسے میانوالی جیل بھی بھجوایا جاچکا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف سے لڑائی ہے ، اور رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ دبئی میں ہوتی یا لاہور میں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ، لیکن لاہور میں پوری قوم کو اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھنے ہیں تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام جائے کہ ہم اپنے گندے کپڑے میدانوں میں صاف نہیں کرتے ، اور کھیل کے میدانوں سے پاکستان کا جھنڈا بلند ہوگا ، اور پوری قوم ایک ہو کر پاکستان کی راہ رکاوٹ بننے والے عناصر کو شکست دے گی۔
شیخ رشید