چارسدہ (نامہ نگار) شبقدر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی موٹرکار پر فائرنگ کے نتیجے میں ممتاز قانون دان و سابق بار صدر، قومی وطن پارٹی کے رہنما اور قوم پرست رہنمامحمد جان گگیانی ایڈوکیٹ جاں بحق اور بھانجا زخمی ہوگیا جبکہ دو وکلاء محفوظ رہے۔ سی ٹی ڈی تھانہ مردان میں ایف آئی آر در ج کر لی گئی، قومی وطن پارٹی، چارسدہ اور تنگی بار کے وکلاء نے واقعے کی مذمت کرتے ہو ئے آج (اتوار کو) سوگ منانے کا اعلان کیا، واقعہ کے بعد وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کر کے انہیں فراہم کر نے کا مطالبہ کیا۔ محمد جان گگیانی ایڈووکیٹ اپنے بھانجے رحم شاہ ایڈوکیٹ کے ساتھ گاڑی میں حسب معمول شبقدر کچہری حاجی زئی جا رہے تھے کہ کچہری سے چند سوگز دور میاں قلعہ موڑ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ اور ان کا بھانجا زخمی ہو گئے، موقع پر موجود لوگوں نے دونوں کو ایل آر ایچ منتقل کر دیا جہاں محمد جان گگیانی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور عدالتو ں سمیت دیگر اہم اداروں کی سیکو رٹی سخت کر دی۔ جماعت الاحرار نے مبینہ طور پر قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔