کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی : پی ایس ایل کا تاج کس کے سر‘ فیصلہ آج لاہور میں ہو گا....

Mar 05, 2017

لاہور (نمائندہ سپورٹس‘ سپورٹس رپورٹر‘ خبر نگار‘ سٹاف رپورٹر‘ نیوز رپورٹر‘ کلچرل رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہورکے برقی قمقوں میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرزکے درمیان کھیلا جائیگا۔ انٹرنیشنل کھلاڑیوں پرمشتمل دونوں ٹیموں کو سخت سیکورٹی کے حصار میں ہوٹل سے سٹیڈیم لایا جائیگا۔ کوئٹہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنے کوچ معین خان کی زیر نگرانی ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جبکہ پشاور زلمی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی۔ کوئٹہ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ فائنل میچ جیتنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، ہمیں پی ایس ایل کے پہلے 9 میچز میں سٹار انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں، انکے متبادل کھلاڑیوں کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نمائندہ سپورٹس کے مطابق پشاور زلمی کے کھلاڑی کامران اکمل‘ محمد حفیظ‘ وہاب ریاض‘ حسن علی‘ عمران خان جونیئر اور محمد اصغر لاہور پہنچے جن کے ساتھ قومی ٹیم کے ساتھ کپتان اور ہیڈ کوچ وقار یونس بھی تھے۔لاہور پہنچنے والے کھلاڑیوں کو ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے حصار میں ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے گزشتہ روز بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی سمیت پانچوںغیرملکی کھلاڑی فائنل کیلئے لاہور آئیں گے جن کیلئے پاکستانی ویزا جاری کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فائنل میں مکمل سکواڈ کھیلے گا‘ تاہم سمیت پٹیل کا این او سی تاحال جاری نہیں ہوا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد اور کوچ معین خان کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کیون پیٹرسن‘ روسو‘ ٹائمل ملز اور لیوک رائٹ سمیت اہم غیرملکی کھلاڑی واپس اپنے ملکوں کو جا چکے ہیں جن کے متبادل کے طورپر پانچ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے گرینڈ فائنل کیلئے سول غیرملکی کھلاڑیوںکو ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ فائنل میں پشاور زلمی کے تمام غیرملکی کھلاڑی ان ایکشن ہونگے۔ ان میں کپتان ڈیرن سیمی‘ مارلن سیمولز‘ ڈیوڈ میلان‘ کرس جارڈن اور سمیت پٹیل شامل ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے غیرملکی کھلاڑیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ٹیم کے میڈیا منیجر کے مطابق جن غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ان میں بنگلہ دیش کے انعام الحق‘ زمبابوے کے شون اروائن اور ایلٹن چیگمبورا جبکہ افریقہ کے مورن وین ویک اور رایاد ایمرت شامل ہیں۔ پاکستان کے اعزاز چیمہ کو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد‘ اسد شفیق‘ حسان خان‘ نور ولی اور میر حمزہ پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں۔پاکستان کی شان معروف سنگر علی عظمت اور فاخر کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ اس موقع پر اٹروپنگ بھی کی جائے گی۔ آج قذافی سٹیڈیم کے فائنل میچ میں ایسا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا ج کسی کرکٹ لیگ میں نہیں کیا گیا جبکہ مجسیقی کا رنگ بکھیرن کیلئے ڈی جے ولی سنز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ ڈی جے لی سنز کے 25 ملازمین کو سکیورٹی پاسز جاری کر دیئے گئے ہیں اور ان کی ٹیم قذافی سٹیڈیم لاہور پہنچ چکی ہے۔ میدان میں 100 ساﺅنڈ سپیکر‘ 30 ہارن اور 700 لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔ خبر نگار کے مطابق بلدیہ عظمی لاہور نے فائنل میچ میں قذافی سٹیڈیم کے ارد گرد مختلف سڑکوں اور بارہ مقامات پر بہترین لائٹنگ کا بندوبست کر دیا جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختص کیے گئے چھ پارکنگ سٹینڈز میں بھی لائٹس کا بندوبست کر دیا گیا ہے۔میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور نے بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے جنرےٹر کا بندوبست بھی کیا ہے۔مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید نے گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بنائے گئے پارکنگ ایریاز کا دورہ بھی کیا اوران میں لگائی جانے والی لائٹس کا جائزہ لیا انہوں نے کہا مال روڈ، ایوان تجارت روڈ، جیل روڈ ،مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروزپور روڈ ، کنال بنک روڈ کی گرین بیلٹس،نور جہاں روڈ،حالی روڈ، حسین روڈ، لبرٹی گول چکر،سنٹر پوائنٹ کلمہ چوک اور ریسکیو 1122تا کلمہ چوک انڈر پاس کے تک تمام ایریاز کو بڑی لائٹس لگا کر روشن کرنے کا بندوبست کر لیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا قذافی سٹیڈیم کے اندر واقع نشتر پارک کو بھی لائٹس لگا کر روشن کرنے کا بندوبست کر لیا گیا ہے اور نشتر پارک کوبلدیہ عظمی لاہور نے خوبصورتی سے سجا بھی دیا ہے ۔مئیر لاہور نے مزید بتایا وی آئی پی شخصیات کی گاڑیوں اور عوام الناس کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے ایف سی کالج، مسلم ٹاﺅن موڑ،پی سی ایس آئی آر گراﺅنڈ ، برکت مارکیٹ، جام شیریں روڈ اور دیگرمقامات پر لگائے گئے پارکنگ ایریاز میں بھی لائٹنگ کا بندوبست کر دیا گیا ہے ۔نیوز رپورٹر کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے احکامات پر آج لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ لیسکو نے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل کیلئے بجلی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ جس کے تحت کنسٹرکشن اور آپریشن کی مخصوص ٹیمیں شادمان اور گارڈن ٹاﺅن گرڈ اسٹیشنز سے مسلسل بجلی بحال رکھیں گی۔  معلوم ہوا ہے پولیس سے بچنے کیلئے بکیوں نے اپنے اڈے دوسری جگہ منتقل کر دیئے ہیں۔ باغبانپورہ، گجر پورہ، ہربنس پورہ، شاد باغ، بھاٹی گیٹ، اکبری گیٹ، جوہر ٹاﺅن، شادمان، نواب ٹا¶ن، لٹن روڈ، ساندہ، شیراکوٹ، وحدت کالونی، اقبال ٹاﺅن، سمن آباد، گلشن راوی، اچھرہ، ڈیفنس اے ، بی، سی، فیکٹری ایریا سمیت دیگر علاقوں میں بکیوں سرگرم ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے کھلاڑی انعام الحق لاہور پہنچ گئے۔ پشاور زلمی کے چاروں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت یقینی ہو گئی۔ کپتان ڈیرن سیمی بھی فائنل میں ان کی ایکشن ہوں گے۔ کرس جورڈن، مارلون، سیمونلڈ اور ڈیوڈ میلن کی شرکت بھی یقینی ہے۔ وزیراعلیٰٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا ہے قذافی سٹیڈیم کے دروازے شام 5.45 پر بند کر دیئے جائیں گے۔ ٹکٹ ہولڈرز شناختی کارڈ لیکر سٹیڈیم آئیں ۔ نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیوں کے مطابق یہ میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شام 6 بجے شروع ہو گا۔ پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی کپتانی کے فرائض قومی کپتان سرفراز سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل دیکھنے کے لیے سیاسی، عسکری قیادت، سابق کرکٹرزسمیت ہر طبقہ فکر کے افراد میچ دیکھنے کے لیے قذافی سٹیڈیم جائیں گے۔پی ایس ایل فائنل سے پہلے اختتامی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں قومی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے توقع ہے آج اتوار کو وزیراعظم قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپرلیگ کے فائنل میچ میں شرکت کریں گے۔ آن لائن کے مطابق وقافی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ایس ایل کا فائنل کی 12, 12 ہزار روپے کی مالیت کی 30 ٹکیٹیں خریدلی ہیں۔ اپنی فیملی ممبران، ارکان اسمبلی اور قریبی دوستوں کے ہمراہ پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے ٹکٹوں کی خریداری کے لئے پی سی بی کو 3 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم ادا کی۔ کرکٹ میچوں پر جوا لگانے والے مافیا نے پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں پشاور زلمی کا ریٹ ایک روپے 78پیسے سے کھول دیا ہے جبکہ پشاور زلمی کے مد مقابل کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا ایک روپیہ 22 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پی سی بی نے پی ایس ایل فائنل کی8 ہزار اور 12 ہزار روپے کی محدود ٹکٹیں آن لائن فروخت کے لئے پیش کیں۔ اس مرتبہ بچہ پالیسی کے تحت 3 سال سے زیادہ عمر کے فینز کی فری انٹری بند کر دی گئی ہے۔ میچ کی سکیورٹی کے لئے ضلع ساہیوال سے ایک ڈی ایس پی سمیت 157 پولیس ملازمین لاہور پہنچ گئے۔ این این آئی کے مطابق غیرملکی کھلاڑی اور آفیشلز لاہور پہنچ گئے، فائنل میچ کو یادگار بنانے کے لئے میوزیکل شو کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئیں جس میں نامور گلوکار پرفارم کریں گے۔ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کی طرف سے قذافی سٹیڈیم میں فائنل میچ کے موقع پر میوزیکل شو اور تقسیم انعامات کی تقریبات سمیت میچ کے انعقاد کےلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں سرچ اینڈ سویپنگ کا عمل سٹیڈیم کے گیٹ کھلنے تک جاری رہے گا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے وقفے وقفے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق سٹیڈیم کے دروازے تین بجے کھول دیئے جائیں۔ میوزیکل تقریب شام 6بجے ہو گی جس میں نامور گلوکار پرفارم کریں گے جبکہ میچ 8بجے شروع ہو گا ۔میچ میں صدر مملکت سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے اور اس تناظر میں سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔ مال روڈسے قذافی سٹیڈیم تک شاہراہوں پرلائٹیں اورپھول لگا کر انہیں سجایا گیا ہے۔ پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑیوں سمیت پوری ٹیم اور دیگر عملہ کو بلٹ پروف گاڑیوں اور سخت سکیورٹی حصار میں ائرپورٹ سے مال روڈ پر واقع فائیو سٹار ہوٹل لایا گیا۔کھلاڑیوں اور غیر ملکی آفیشلز کی آمد کے موقع پر مال روڈ کے ایک حصے کو کچھ وقت کے لئے قناطیں لگا کر بند رکھا گیا۔ غیر ملکی کمنٹیٹرز کے پاکستان نہ آنے کے باعث پی ایس ایل کے فائنل میں وسیم اکرم، وقار یونس اور رمیز راجہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ میچ کے دوران 5درجاتی سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت سکیورٹی کی اعلیٰ نگرانی کے لئے فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں تعینات ہوں گے، محکمہ صحت کی جانب سے لاہور کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ تمام متعلقہ سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان سپر لیگ فائنل کے پیش نظر صورتحال کو ”غیر معمولی“ قرار دیتے ہوئے سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دیدی ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران کے مطابق سکیورٹی کی اعلیٰ نگرانی کے لیے پاک فوج، رینجرز اور پنجاب پولیس قذافی سٹیڈیم کے اطراف کا کنٹرول سنبھالیں گی۔ حساس اور چیلنجنگ صورتحال کے پیش نظر پانچ حصاروں پر مشتمل ایک اعلی سکیورٹی منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل کے دوران سکیورٹی سے منسلک مختلف ذمہ داریوں کے حوالے سے صوبے بھر سے 10 اعلیٰ پولیس افسران کو طلب کیا گیا ہے۔ طلب کیے گئے زیادہ تر افسران ڈسٹرکٹ پولیس آفسیرز ہیں اور انہیں دارالحکومت میں گزشتہ کام کے تجربے کی بنیاد پر بلایا گیا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سب سے پہلے آرمی جواب دے گی، جبکہ رینجرز، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوج کی پیروی کریں گے۔ پنجاب کانسٹیبلری، ڈولفن فورس، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس اور مختلف پولیس تھانوں کے اہلکار سٹیڈیم کی جانب آنے جانے والے راستوں، قریبی عمارتوں اور سڑکوں پر بطور گارڈ تعینات کیے جائیں گے۔ فلم سٹار مےرا پاکستان سپر لیگ کا آج ہونے والا فائنل میچ دےکھنے کے لئے خصوصی طور پر دبئی سے لاہور پہنچ گئےں۔ انہوں نے کہا دبئی اور شارجہ مےں ہونے والے پی اےس اےل کے تمام مےچ دےکھے ہےں اور اب فائنل مےچ دےکھنے کے لئے آئی ہوں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق قذافی سٹیڈیم کے راستے بند کرنے کے لئے کنٹینر پہنچا دیئے گئے، جگہ جگہ پولیس ناکے، گاڑیوں اور رکشوں کی سخت چیکنگ ہو رہی ہے۔ سکیورٹی انتظامات کے جائزے کے لئے سری لنکا سے آئی سی سی کا 2 رکنی وفد بھی لاہور پہنچ گیا۔ میچ کی سیکیورٹی مزید فرل بنانے کے لئے دیگر اضلاع سے بھی 3 ہزار پولیس افسران اور اہلکار لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ان میں 6 ڈی ایس پی، 43 انسپکٹر، 214 سب انسپکٹر اوراے ایس آئی شامل ہیں قذافی سٹیڈیم کے قریب 25 بستروں جب کہ مقامی ہوٹل میں 7 بستروں کا عارضی ہسپتال بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ فائنل میچ پر ٹریفک پلان بھی تیار کیا گیا ہے، 5 مقامات پر پارکنگ مخصوص کی گئی ہے، گاڑیاں ایف سی کالج، مسلم ٹاﺅن فلائی، سینٹر پوائنٹ سے لبرٹی مارکیٹ اور برکت مارکیٹ میں پارک ہوں گی۔ چنگ چی اور آٹو رکشوں، ایل پی جی، ایل این جی اور سی این جی گاڑیوں کا پارکنگ ایریا میں داخلہ ممنوع ہو گا، شائقین کو اصل شناختی کارڈ اور فائنل کا ٹکٹ دکھانے والوں کو سٹیڈیم کی طرف جانے دیا جائے گا۔
پی ایس ایل

مزیدخبریں