شکارپور(نامہ نگار) دیرینہ تنازعہ میں تیغانی اور بجارانی گروہوں میں تصادم سے چارافراد جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل خانپور میں تھانہ ناپر کوٹ کی حدود کچے کے علاقے گاؤں مہران خان بجارانی میں تیغانی اور بجارانی فریقین کے درمیان مویشیوں کی چوری اور زرعی اراضی پرجاری دیرینہ تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ دونوں فریقین کی جانب سے مورچہ بند مسلح افرادکے جدیداسلحے کے آزادانہ استعمال سے علاقہ جنگ کا میدان بن گیا۔ کئی گھنٹوں کی شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف کی لہر چھا جانے کے باعث لوگ اپنے گھروں تک محصور ہوگئے۔ تنازعے کے نتیجے میں دونوں جانب سے چار افراد موقع پر ہی مارے گئے،جن میں شاہد محمود بجارانی،سلیمان عرف پکھی تیغانی،محمد صالح تیغانی اور گل حسن تیغانی شامل ہیں۔جبکہ گولیاں لگنے سے ارباب تیغانی،محبوب تیغانی اور سرور تیغانی شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کو اطلاع ہونے کے باوجود مقتولین کی لاشیں اور زخمی کئی گھنٹوں تک جائے وقوعہ پر پڑے رہے۔جنہیں بعد میں پولیس نے علاقے کے معززین کی مدد سے فائرنگ رکواکراپنی تحویل میں لیکر اسپتال پہنچایا۔اسپتال سے لاشوں کاپوسٹ مارٹم کرانے کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کیا گیاجبکہ ایک شخص کی لاش کو حاصل کرنے میں پولیس تاحال کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔اسپتال میں دونوں فریقین ایک دوسرے پر جھگڑا شروع کرنے کے الزامات عائد کرکے حکام اعلیٰ سے واقعے کی منصفانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے رہے۔
شکارپور/ تصادم
' شکاپور‘ تیغانی ا ور بجارانی گروہوں میں تصادم، 4 افراد ہلاک
Mar 05, 2018