دہشت گردی کیخلاف جنگ امریکہ یا مغربی دنیا کی خوشنودی کیلئے نہیں لڑ رہے: احسن اقبال

Mar 05, 2018

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو 7خون معاف ہیں وہ اپنے ہتھکنڈوں کا خود شکار بنے گا۔ نواز شریف عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن تمام فیصلوں کے ذریعے صرف انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مشرف کی طرح ججز کو گھر نہیں بھیجا، ماضی کے بہت سے فیصلوں کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم لیگ (ن) ٹکرائو کی سیاست کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جمہوری عمل مستحکم ہوا۔ ہمارا اقتصادی ایجنڈا ہے ہم پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر ہم نے یہ کامیابی حاصل کرنی ہے تو ہمیں سیاسی استحکام اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ پچھلے تین سالوں میں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو کاروائیاں کی ہیں جو قربانیاں دی ہیں اور جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ اس کا ہمیں کریڈٹ ملنا چاہیے۔ امریکہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان سے کچھ رعایتیں لینا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ پاکستان ہماری ڈکٹیشن پر عمل کرے۔ میں نے اپنے دورہ امریکہ میں امریکی حکام پر واضح کیا ہے کہ پاکستانی قوم کا ایک مزاج ہے اگر ہمیں کوئی دوستی میں زہر کا پیالہ دے دے تو شاید ہم پی لیں لیکن اگر کوئی دھونس کے ساتھ ہمیں شہد کا پیالہ بھی دے گا تو ہم الٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جو کچھ کر رہا ہے وہ امریکہ برطانیہ یا مغربی دنیا کی خوشنودی کے لیے نہیں کر رہا۔ ہم نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ کا پس منظر دیکھنا ہوگا۔ پاکستان 2012ء سے 2015ء تک بلیک لسٹ پر رہ چکا ہے۔ انہوں ن کہا کہ اندرونی قومی سلامتی کی دوسری پالیسی کا اعلان اگلے ماہ کردیا جائے گا۔

مزیدخبریں