اسلام آباد (آئی ا ین پی) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک ہی شخص ‘ ایک ہی خاندان اور ایک ہی جماعت کو مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے‘ نواز شریف کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا‘ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی بے مثال ہے۔ سینٹ الیکشن میں عمران خان کا ووٹ نہ ڈالنا دھرنے کی ا یک کڑی ہے‘ عمران خان ووٹ کے ذریعے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن خود ووٹ ڈالنے نہیں آئے‘ مسلم لیگ (ن) نے سینٹ انتخابات میں سیاسی انجینئرنگ نہیں کی‘ نواز شریف کو پاکستان کی سیاست کا گرو سمجھتی ہوں۔ اتوار کو مریم اورنگزیب نے سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ انتخابات پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ پورے پاکستان کے لئے مبارکباد کا دن ہے ۔ یہ کہا جارہا تھا کہ سینٹ کے الیکشن نہیں ہونگے اور حکومت ختم ہوجائے گی۔ نواز شریف کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ ایک ہی شخص ‘ ایک ہی خاندان اور ایک ہی جماعت کو مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے موازنہ کریں (ن) لیگ کی کارکردگی بے مثال ہے۔ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے جوہری پروگرام سمیت کئی منصوبے شروع کئے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے موٹر ویز بنائیں۔ گزشتہ ساڑھے چار سال میں پاکستان میں تاریخی روڈ میپ بنا۔ ملک میںدہشت گردی کا بڑا مسئلہ تھا جسے مسلم لیگ (ن) نے ختم کیا۔ پچھلے 66سال میں اتنے بجلی کے منصوبے نہیں لگے جتنے ان چار برسوں میں لگائے گئے۔ ماضی میں ملک میں بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی جو کہ اب ختم کردی گئی ہے۔ چار سالوں میں ریکارڈ ساڑھے گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی۔ سی پیک کا اہم منصوبہ بھی (ن) لیگ نے شروع کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کا بیڑا اٹھایا۔ عمران خان نے سینٹ الیکشن میں اپنے ہی امیدواروں کو ووٹ نہیں دیا۔ عمران خان ووٹ کے ذریعے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن ووٹ ڈالنے کے لئے نہیں آئے۔ سینٹ انتخابات میں عمران کا ووٹ نہ ڈالنا دھرنے کی ایک کڑی ہے۔ (ن) لیگ ہر کام قانون اور ضابطے میں رہ کر کرے ۔مسلم لیگ (ن) کو دوسروں کی طرح کوئی سیاسی انجینئرنگ کرنے کی ضرورت نہیں جس سیاسی جماعت نے بھی سیاسی انجینئرنگ کی وہ ایک گناہ ہے۔ میڈیا کا ملک میں بہت اہم کردار ہے‘ پاکستان میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں بھی میڈیا کا اہم کردار رہا ہے۔