احد چیمہ اور عزیزوں کی ہائوسنگ سوسائٹی میں 4 ایکڑ اراضی کا سراغ لگا لیاگیا: ذرائع

Mar 05, 2018

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) احد چیمہ کیخلاف تحقیقات میں نئے انکشافات ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق احد چیمہ سے پیراگون سوسائٹی میں اراضی کا کھوج لگا لیا گیا۔ احد چیمہ کے عزیزوں کی بھی پیراگون سوسائٹی میں اراضی کا کھوج لگا لیا گیا۔ احد چیمہ اور عزیزوں کی 4 ایکڑ اراضی کے شواہد مل گئے۔ اراضی سے متعلق شواہد پیراگون سٹی کے ریکارڈ سے ملے نیب ذرائع کے مطابق احتساب عدالت سے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جائے گی۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی اہلیہ کے خلاف بھی کرپشن الزامات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ انکشاف ہوا ہے صائمہ احد چیمہ کو قواعد و ضوابط کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ تعینات کیا گیا تھا۔صائمہ احد چیمہ کا تعلق انکم ٹیکس گروپ سے ہے اور وہ ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کی کسی پوسٹ پر تعیناتی کی اہل نہیں تھی اب انہیں ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے ادھر مزید انکشاف ہوا ہے کہ نیب کو تحقیقات کے دوران احد چیمہ نے رضاکارانہ طور پر تعاون کی پیش کش کی ہے 10ایسے افسران کی لسٹ نیب کو فراہم کی ہے جو پنجاب کے تمام ترقیاتی کاموں میں کرپشن کرتے رہے تاہم ان افسران کو فوری طور پر گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ فہرست میں موجود افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متعلقہ میگاپراجیکٹس کا مزید ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں