اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے شریف خاندان اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف دائر ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔ احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔ آج نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ عبدالحنان پر جرح کریں گے، گزشتہ سماعت پر عبدالحنان کا بیان قلمبند کرلیا گیا تھا، فلیگ شپ ریفرنس میں نیب کے 4گواہوں کو طلب کیا گیا ہے۔ عدالت نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کا تینوں ریفرنسز میں بیان ایک ساتھ قلمبند کرانے اور ایک ہی جرح کرنے کیلئے نواز شریف کی درخواست مسترد کر دی تھی جبکہ 7مارچ کو عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں6گواہوں کو سات مارچ کو طلب کیا ہے اور جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کو لندن فلیٹس ریفرنس میں بیان دینے کیلئے 8مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈا کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت بھی آج ہو گی۔گزشتہ سماعت پر اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس کی نقول ملزمان میں تقسیم نہ ہو سکی تھیں جس کے باعث احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی تھی،عدالت نے تینوں ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں دینے کا حکم دیا تھا ،آج کی سماعت میں تینوں ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ طے کی جائے گی ۔