کوئٹہ میں فائرنگ‘ پولیس اہلکار‘ بچہ خاں بحق: تربت‘ دستی بم حملہ‘4 سکیورٹی جوان زخمی

Mar 05, 2018

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ آئی این پی) کوئٹہ میں سرکی روڈ پر نامعلوم افراد کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ایک اہلکار جاں بحق دوسرا زخمی۔ دوسرے واقعہ میں علی بھائی روڈ پر نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ کے نتیجہ میں کمسن بچہ جاں بحق ہوا۔ تربت میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزموں کی سکیورٹی فورسز اہلکاروں پر فائرنگ، زد میں آ کر 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گردی کا خوفناک منصوبہ ناکام آپریشن ردالفساد کے تحت ڈیرہ بگٹی اور وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کر لیا۔ کوئٹہ میں سرکی روڈ پر پولیس اہکاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شہید اہلکار کی شناخت مبشر عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ جو ٹریفک اہلکار تھا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علی بھائی روڈ پر دکان پر فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے علی بھائی روڈ پر مسلح افراد نے دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کم عمر بچہ جاں بحق ہو گیا تاہم فائرنگ میں باپ اور بیٹا محفوظ رہے۔ علاوہ ازیں لیویز ذرائع کے مطابق اتوار کو تربت بازار میں شاہ پور ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سکیورٹی فورسز اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجہ میں تین شہری فیض اللہ افضل، نوکداد اور اہلکار محمد خان زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی سے دہشت گردی کا خوفناک منصوبہ ناکام ہوگیا لیویز حکام کے مطابق نواحی علاقے حبیب راہی روڈ پر بہاری تھانہ کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے بارودی سرنگ نصب کررکھا تھا ڈیرہ بگٹی شہر سے حبیب راہی واپس جانے والے ڈرائیور نے شک پڑنے پر گاڑی وہیں روک دیا اور مشکوک چیز کی اطلاع سیکورٹی حکام کو دے دی ذرائع کے مطابق مسافر وین پر خواتین اور بچوں سمیت بیس سے زائد افراد سوار تھے مسافر گاڑی ٹکرانے کے باعث خوفناک تباہی ہوسکتی تھی تاہم ڈرائیور کی حاضر دماغی اور سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا سیکورٹی فورسز نے سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ برآمد کرکے ناکارہ بنادیا واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کی تلاش شروع کردی تاہم آخری اطلاعات آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی تھی۔ سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی اور وزیرستان میں آپریشن ردالفساد کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاعات پر ڈیرہ بگٹی میں آپریشن کیا جس کے دوران اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں آپریشن مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا جس کے دوران پکڑے جانے والے اسلحہ میں بارودی مواد، بارودی سرنگیں، ڈیٹونیٹرز اور آر پی جی راکٹ اور مواصلاتی نظام شامل ہیں۔علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران آپریشن اسلحہ، گولہ بارود، مارٹر گولے، لائٹ مشین گنز اور دیسی ساختہ بم برآمد کئے گئے۔ اسلحہ میں 303 رائفلز، آر پی جی سیون اور سب مشین گنز بھی درآمد کرلی۔ دستی بم، اینٹی ٹینک مائنز، مواصلات آلات شامل ہیں۔ بارودی سرنگیں آپریشن سے قبل بچھائی گئی تھیں۔ آپریشنز ننکائی‘ رغزئی‘ چار گولاٹی‘ چار گورائی‘ ظفر خیل کے علاقوں میں کئے گئے۔

مزیدخبریں