مکرمی! ہم اہل دیہہ آپ کے مؤقر روزنامہ کی وساطت سے وزیراعلیٰ پنجاب کی توجہ ایک نہایت ہی اہم اور جائز مسئلہ کی جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ اس کا تعلق قیمتی جانوں سے ہے عرصہ درا ز سے گاؤں کا زیر زمین پانی کڑوا کھارا اور پینے کے بالکل قابل نہ ہے جس کے نتیجے میں پورے گاؤں کے لوگ پیٹ کے مختلف امراض میں عمومی طور پر اور ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض میں خصوصی طور پر مبتلا ہیں اور اب تک کئی افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور اس مرض نے گاؤں کے لوگوں کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ایک مسلسل پریشانی کا عالم ہے اور کئی لوگ اس مہلک مرض کے خوف سے ترک سکونت اختیارکر چکے ہیں۔ گاؤں کا پانی انسانی صحت کے لئے زہر سے کم نہیں۔ صاف پانی کے پلانٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں حکام بالا کو توجہ دلائی گئی اور کئی بار مقامی نمائندگان کو بھی آگاہ کیا گیا مگر نہ کوئی شنوائی ہوئی اور نہ ہی کوئی عمل درآمد ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ذاتی توجہ کی اپیل ہے کہ پنجاب صاف پانی کمپنی کے حکام کو برائے تعمیر و تنصیب پلانٹ صاف پانی چک نمبر 176/0-l جنوبی تحصیل چیچہ وطنی کی بابت حکم صادر فرمایا جائے۔(چوہدری مولا داد آسی چک نمبر176/9-Lچیچہ وطنی ساہیوال )
وزیراعلی پنجاب سے صاف پانی کا پلانٹ لگانے کی اپیل
Mar 05, 2018