نواز شریف نے عوام سے اپنا بیانیہ منوالیا : فضل الرحمان

رحیم یار خان (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مدارس کے کردار کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، ہم جانتے ہیں کہ ایجنڈا کیا ہے؟ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ سازش کا مقابلہ کیا، لبرل طبقہ غیروں کی آواز سے آواز ملاتا ہے، لبرل طبقہ مذہبی جماعتوں کے خلاف سخت رویہ اختیا رکرتا ہے۔ کہتے ہیں کہ دینی مدارت کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔ میں کہتا ہوں یہ لوگ قومی دھارے میں آجائیں ہم تو قومی دھارے میں ہی ہیں۔ سینٹ الیکشن پر پہلے شبہ ظاہر کیا جارہا تھا سینٹ الیکشن کا مرحلہ امن و سکون کے ساتھ مکمل ہوا۔ چیئرمین سینٹ کے بارے میں ابھی کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔ اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔ آئندہ انتخابات بروقت ہونے چاہیں۔ عوام کے فیصلوں کو قبول کیا جائے۔ ہارس ٹریڈنگ کرنا جرم ہے الیکشن کمشن کو دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنا چاہئے۔ انتخابات کو شفاف بنانے والا ادارہ کیوں خاموش ہے؟ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسلمانوں کا قتل عام کرکے امریکہ امن کی بات کررہا ہے۔ کسی دنیاوی قوت کو خدا نہ مانیں اللہ کی اطاعت کریں عمران خان غیر سیاسی عنصر ہیں آصف زرداری کی کرامات جے یو آئی کے قریب بھی نہیں آسکتیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف نے اپنا بیانیہ عوام سے منوا لیا ہے۔ عوامی لہر نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔
فضل الرحمان

ای پیپر دی نیشن