’’انجینئرڈ‘‘ اکثریت جمہوریت کی خدمت نہیں‘ ہارس ٹریڈنگ کیخلاف سخت ایکشن کی ضرورت

سینٹ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری‘ پیپلزپارٹی اپنا چیئرمین بنوانے کیلئے سرگرم‘ ارکان کی خریدوفروخت کے چرچے
سینٹ کی 52 نشستوں پر انتخابات کے نتائج آنے پر مسلم لیگ (ن) کے حامی امیدواروں کی سینٹ میں تعداد 32 ہوگئی اور قومی اسمبلی کے بعد سینٹ میں بھی مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ گزشتہ روز سینٹ کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے پنجاب سے 11‘ اسلام آباد سے 2‘ خیبر پی کے سے 2 نشستیں حاصل کر لیں جبکہ سینٹ میں ان کے 17 ارکان پہلے سے موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی سینٹ کی دوسری بڑی سیاسی جماعت ہے جن کے سینٹ میں پہلے سے موجود ارکان کی تعداد 8 تھی جبکہ اس الیکشن میں پیپلزپارٹی نے سندھ سے 10 اور خیبر پی کے سے 2 نشستیں جیتی ہیں جس سے ان کے کل ممبران کی تعداد 20 ہوگئی۔ سینٹ میں آزاد سینیٹرز کی نشستیں تیسرے نمبر پر ہیں۔ پہلے سے 5 آزاد سینیٹر موجود تھے اور بلوچستان سے 6مزید آزاد امیدواروں کی جیت سمیت فاٹا سے 4 آزاد امیدواروں کی جیت سے آزاد سینیٹروں کی تعداد 15 ہوگئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی سینٹ میں پہلے 6 نشستیں تھیں جبکہ پنجاب سے 1 نشست اور خیبر پی کے سے 5 نشستیں جیتنے کے بعد ان کے سینٹ میں کل ارکان کی تعداد 12 ہوئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی پہلے سینٹ ارکان کی تعداد 4 ہے جبکہ وہ اس الیکشن میں محض 1 نشست حاصل کرکے 5 ارکان کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ سینٹ میں چھٹے نمبر پر مسلم لیگ(ن) کی حلیف جماعت نیشنل پارٹی کے پہلے سے 4ارکان تھے۔ انہوں نے بلوچستان سے 2 نشستیں مزید جیت کر اپنے کل ارکان کی تعداد 6 تک پہنچا دی ہے جبکہ ساتویں نمبر پر پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سینٹ میں اس وقت 3ارکان ہیں۔ جمعیت علماء اسلام(ف) کے پہلے سے سینٹ میں 2 ارکان ہیں جبکہ بلوچستان اور خیبر پی کے سے انہوں نے ایک ایک نشست مزید جیت کر اپنے کل ارکان کی تعداد 4تک پہنچا دی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کا سینٹ میں پہلے ایک رکن ہے ایک اور امیدوار کی کامیابی سے جماعت اسلامی کے سینیٹروں کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی‘ بلوچستان نیشنل پارٹی دیہی سندھ سے مسلم لیگ فنکشنل کا ایک امیدوار جیتنے سے ان تینوں جماعتوں کا سینٹ میں ایک ایک رکن ہوگا۔ جنرل(ر) پرویزمشرف کی کنگزپارٹی مسلم لیگ(ق) کا سینٹ میں اب کوئی رکن باقی نہیں رہا۔
کچھ لوگوں کی طرف سے سینٹ کے الیکشن کے حوالے سے سوالیہ نشان لگا دیا گیا تھا۔ دو سال سے یہ افواہیں مسلسل پھیلائی جاتی رہیں کہ سینٹ کے انتخابات بروقت نہیں ہونگے۔ افواہ ساز فیکٹریوں سے اسمبلیوں کی آئینی مدت پوری نہ کرنے کی تاویلیں بھی سامنے آتی رہیں۔ کہا جاتا رہا کہ سینٹ کے انتخابات سے قبل اسمبلیاں ختم ہو جائیگی‘ اب بھی اسمبلیوں کی آئینی مدت پوری نہ ہونے کا واویلا دیکھنے اور سننے میں آرہا ہے۔ سینٹ کے بروقت انتخابات کے انعقاد سے ایک جمہوری سنگ میل عبور ہوا ہے۔ عام انتخابات کی راہ میں نہ پہلے کوئی رکاوٹ تھی نہ آئندہ ہونے کا کوئی خدشہ ہے۔ سینٹ الیکشن کے کم و بیش وہی نتائج سامنے آئے ہیں جن کی توقع کی جارہی تھی۔
سینٹ انتخابات میں سب سے زیادہ توجہ پنجاب پر تھی‘ جہاں ایک طرف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے تھے‘ دوسرے مسلم لیگ (ن) کے اندر انتشار کی افواہیں بھی تھیں۔ مسلم لیگ (ن) نے 12 میں سے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے جہاں پارٹی اتحاد اور مضبوطی کا اظہار کیا‘ وہیں 38 ارکان کی طرف سے ڈسپلن کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی تاہم پارٹی کو بڑا ڈنٹ نہیں پڑا۔ چودھری سرور کی کامیابی پنجاب میں ایک طرح کا اپ سیٹ ضرور ہے مگر خیبر پی کے میں تحریک انصاف کو اس سے بڑے اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا جہاں پی ٹی آئی دو سیٹوں سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ عمران خان اسی پر برہم دکھائی دیتے ہیں۔
سینٹ میں برتری حاصل کرنے پر مریم نواز اور حمزہ شہباز نے کہا کہ روک سکو تو روک لو‘ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا کہنا ہے کہ طوطا فال والوں کو مایوسی ہوئی‘ واضح ہوگیا کہ مسلم لیگ سب سے بڑی جماعت ہے‘ عام انتخابات بھی جیتیں گے۔ اب تک ہونیوالے بیشتر ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی‘ سینٹ الیکشن کو آئندہ کے انتخابات کیلئے بیرومیٹر قرار دیا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پارٹی صدارت کیلئے ایک دانشمندانہ فیصلہ سامنے آیا۔ لیگی قیادت نے کئی ماہ نفع و نقصان کا حساب لگانے کے بعد شہبازشریف کو پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی مضبوطی اور اتحاد کیلئے بھی مناسب فیصلہ ہے۔ قیادت اسکے علاوہ جو بھی فیصلہ کرتی‘ وہ مہم جوئی ثابت ہو سکتی تھی۔ ایک بڑی پارٹی کو سنبھالنے کیلئے شہبازشریف جیسے منتظم کی ہی ضرورت تھی ورنہ تو متحدہ قومی موومنٹ کی حالت سب کے سامنے ہے۔ وہ بمشکل ایک سینیٹر کو منتخب کراسکی ہے۔ جب تک متحدہ قائد کے آہنی اور بے رحم پنجوں میں تھی‘ کسی کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہمت نہیں تھی۔ قائد کا کردار ختم ہوا تو سامنے آنیوالی قیادت اپنی اہلیت ثابت نہ کرسکی۔ کمزور لیڈرشپ سے کوئی بھی پارٹی بکھر سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو عدالتی فیصلوںکے باعث نامساعد حالات کا سامنا ہے مگر پارٹی چونکہ مضبوط ہاتھوں میں ہے‘ اس لئے پہلے سے بھی مضبوط نظر آرہی ہے۔ یکم مئی کو نہال ہاشمی کی خالی ہونیوالی نشست پر سینٹ الیکشن ہوا جس میں پارٹی ارکان کی کمٹمنٹ سامنے آئی جو بہتر لیڈر شپ کی ایک مثال ہے۔
سینٹ الیکشن پرامن ماحول میں ہوئے‘ اس کا کریڈٹ الیکشن کمیشن کو جاتا ہے۔ ارکان الیکشن کمیشن پولنگ کی نگرانی کرتے رہے۔ طاہرالقادری اس پر بھی اشتعال میں نظر آئے‘ کہتے ہیں الیکشن کمیشن نے واضح کردیا کہ اس سے شفاف انتخابات کی توقع نہ رکھی جائے۔ طاہرالقادری پورے پاکستانی بن کر اپنے امیدوار انتخابات میں اتاریں الیکشن جیت کر الیکشن کمیشن کی بھی اصلاح کریں۔
سینٹ انتخابات سے قبل اگر کوئی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کے علم میں لائی جا سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے اوپر عدالتیں بھی موجود ہیں۔ سینٹ الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن بجا طور پر مستعد رہا مگر ہارس ٹریڈنگ جس سطح پر ہوئی وہ اسکی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بادی النظر میں بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کی انتہاء ہوگئی جہاں مسلم لیگ (ن) کو سینٹ سے باہر کردیا گیا۔ آصف زرداری نے بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کو اپنی کامیابی قرار دیا اور مزید کامیابی کی نوید سنائی تھی۔ خیبر پی کے میں پیپلزپارٹی دو سیٹیں لے گئی۔ سندھ میں متحدہ کو کارنر کردیا گیا۔ پنجاب میں پی پی پی کے امیدوار کو 26 ووٹ مل گئے۔ اگر یہی جمہوریت ہے تو پھر قوم و ملک اور جمہوریت کا اللہ ہی حافظ ہے۔
ہارس ٹریڈنگ پر عمومی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے۔ عمران خان تو باقاعدہ اشتعال میں ہیں مگر جو کچھ ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے کے پی کے میں ہوا‘ وہ غلط اور ایسا ہی پنجاب میں ہو تو کیسے درست ہوسکتا ہے۔ ادھر خود خان صاحب کی جمہوریت سے کمٹمنٹ بھی ملاحظہ ہو‘ وہ اور شیخ رشید اپنا ووٹ کاسٹ کرنے نہیں گئے شاید اس اسمبلی میں جانے سے انا کو ٹھیس پہنچتی محسوس کی ہوگی جس پر وہ لعنت بھیج چکے ہیں۔
عام انتخابات اب زیادہ دور نہیں‘ اس میں جو نتائج آئینگے سو آئینگے‘ جیتنے والی پارٹی یا پارٹیاں حکومت بنائیں گی مگر اب سینٹ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوچکی ہے۔ اگلے مرحلے میں چیئرمین سینٹ کے الیکشن ہونے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) اتحادی جماعتوں سے مل کر آسانی سے اپنا چیئرمین منتخب کراسکتی ہے۔ مگر پاکستان پیپلزپارٹی اپنا چیئرمین بنوانے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ چیئرمین انکی پارٹی کا ہوگا۔ اسکے ساتھ ہی پی پی پی کا وفد جوڑ توڑ کیلئے کوئٹہ پہنچ گیا ہے۔ ہارس ٹریڈنگ چیئرمین کے الیکشن میں بھی ہو سکتی ہے۔ پی پی بلوچستان میں جیتنے والے سینیٹرز کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کریگی۔ سینٹ میں آزاد امیدواروں کی تعداد 15 ہے جبکہ پنجاب سے کامیاب ہونیوالے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھی بوجوہ آزاد حیثیت میں ایوان میں جائینگے۔ یوں ہارس ٹریڈنگ کا ایک کھلا میدان موجود ہے۔ سینٹ الیکشن میں کروڑوں روپے کی ادائیگیوں کی باتیں ہورہی ہیں۔ شفاف جمہوری عمل میں ہارس ٹریڈنگ کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن ہارس ٹریڈنگ کی خبروں کا سختی سے نوٹس لے۔ متحدہ کے سربراہ فاروق ستار نے برملا کہا ہے کہ انکے 14 ارکان نے پی پی پی کے امیدوار کو ووٹ دیئے‘ دیگر پارٹیاں بھی ارکان کی خریدوفروخت کے ثبوت متعلقہ اداروں کے سامنے رکھیں۔ ایک سوال یہ بھی ہے کہ اگر سیکرٹ کے بجائے اوپن ووٹنگ ہوتی تو کیا پھر بھی اسی طرح ہارس ٹریڈنگ ہوتی؟ سیاسی پارٹیاں اوپن ووٹنگ پر غور کریں۔ چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں بھی ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کیلئے سیکرٹ کے بجائے اوپن بیلٹ کا طریقہ کار اختیار کیا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو سینٹ میں برتری حاصل ہے‘ پیپلزپارٹی اور دیگر پارٹیاں اس حقیقت کو تسلیم کریں۔ اسکے چیئرمین کے انتخاب کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔ جمہوریت میں ارکان اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دینے میں آزاد ہیں۔ ضمیر خریدنا کوئی جمہوریت نہیں ہے۔ انجینئرڈ طریقے سے کسی کی بھی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش جمہوریت کی خدمت نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن