لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب پولو کپ 2018ء باڑیز نے جیت لیا، فائنل میں زبردست مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس /رضویز کو 7-6 سے ہرا دیا۔ سب سڈری فائنل میں آرمی نے نیوایج / بی بی جے پائپس کو 8-7 سے ہرایا۔ لاہور پولو کلب میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں باڑیز اور ماسٹر پینٹس/ رضویز کے درمیان مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیموں نے پہلے چکر میں ایک ایک گول سکور کیا۔ باڑیز کی طرف سے ٹی ٹو رئیز اور ماسٹر پینٹس کی طرف سے ثاقب خاکوانی نے گول سکور کیے۔ دوسرے چکر میں باڑیز کی طرف سے ٹی ٹو رئیز گنزو نے تین جبکہ رومیرو زیوالٹا نے ایک گول سکور کیا ماسٹر پینٹس کی طرف سے خوان کروز لوساڈا نے دوسرے چکر میں واحد گول سکور کیا۔ تیسرے چکر میں باڑیز کی طرف سے نفیس باڑی، ٹی ٹوروئیزگنزو نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے حمزہ مواز خان نے واحد گول سکور کیا۔ چوتھے چکر میں ماسٹر پینٹس/ رضویز کی طرف سے بہت زور لگایا گیا اور خوان کروز لوساڈا نے تین خوبصورت گول سکور کیے مگر میچ نہ جیت سکے۔ اس طرح باڑیز ٹیم نے یہ میچ 7-6 سے جیت کر تاریخی پنجاب کپ 2018ء کا ٹائٹل جیت لیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں آرمی نے نیوایج بی بی جے پائپس کو پانچویں چکر میں سڈن ڈیتھ پر 8-7 سے ہرا دیا۔ آرمی کی طرف سے اگناسیو ناگری نے پانچ، مائیگل دگن نے دو جبکہ بریگیڈیئر ذوالفقار علی بیگ نے ایک گول سکور کیا۔ نیوایج /بی بی جے پائپس کی طرف سے سلواڈور الاوا نے پانچ جبکہ ممتاز عباس نیازی نے دو گول سکور کی۔ اختتامی تقریب میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ہلال امتیاز ملٹری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔