پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ،مخالفین خوفزدہ،غیر آئینی طریقوں سے اقتدار چاہتے ہیں،مشاہد اللہ

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ مخالفین ہمارا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے سے ڈرتے ہیں ،اسی لئے غیر آئینی طریقوں سے اقتدار کا حصو ل چاہتے ہیں ، شیخ رشید اور عمران خان پارلیمنٹ کو نہیں غیرآئینی قوتوں کو اہمیت دیتے ہیں، دونوں ہمیشہ پارلیمنٹ کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کرتے ہیں ، عوام آئندہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کا احتساب کریں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف اپنے حکومتی صوبوں میں عوام کو ڈلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ ان جماعتوں نے اپنے حکومتی صوبوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں ملک کو درپیش توانائی بحران سمیت دہشتگردی اور اقتصادی صورتحال کے بڑے چیلنجز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے اپنے اس ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں حل کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سینٹ کے حالیہ انتخابات میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہیں اور ان دونوں جماعتوں نے ایسے امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹس دئیے جن کا کوئی سیاسی بیک گراﺅنڈ نہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی اسمبلی کے ممبران نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں دوسری جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دیکر اپنی قیادت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے سینٹ کے انتخابات میں اپنے ہدف کو حاصل کیا ہے اور اب وہاں سب سے بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شیخ رشید نے کبھی بھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی کیونکہ وہ اس کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرتے ہیں اور انہوں نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کیا شاید وہ غیر آئینی قوتوں کو اہمیت دیتے ہیں اور ان کے ذریعے ہی اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مخالفین سیاسی میدان میں تو ہماری جماعت کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ اقتدار کے حصول کے لیے غیر آئینی طریقوں کو اپناتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن