پاکستانی بھائیوں کو ہمیشہ ساتھ پایا، اردگان: کشیدگی کے خاتمے کی عالمی کوششوں کا خیر مقدم کرینگے: چین

انقرہ، بیجنگ(آن لائن، نوائے وقت رپورٹ) ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ترک قوم کو جب بھی مشکل پڑی پاکستانی بھائیوں کو ساتھ کھڑا پایا ہے۔ طیب اردگان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے کردار پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ پاکستان کا ترک قوم کے دلوں میں خاص مقام ہے، ہم جنگ استقلال میں برصغیر کے مسلمانوں کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، ترکی کی آزادی کے لیے علامہ اقبال کی شاعری کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
اسلام آباد(جاوید صدیق)چین نے روس کی طرف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کردی ہے۔بیجنگ میں ہونے والی بریفنگ میں وزرات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین مسلسل پاکستان اور بھارت سے رابطہ میں ہے چین نے دونوں ملکوں کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کو ختم کرکے اپنے باہمی مسائل بات چیت کے ذریعہ حل کریں۔وزارت خارجہ کے ترجمان سے بریفنگ میں صحافی نے سوال کیا تھا کہ روسی وزیر خارجہ نے تجویز دی ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے درمیان تنازعات اور کشیدگی کے خاتمے کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کا پلیٹ فارم استعمال کیا جاسکتا ہے ،جس پر ترجمان نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا کے دونوں اہم ملکوں کے مابین تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کے حق میں ہے۔ اور پاکستان بھارت کشیدگی کے خاتمہ کیلئے عالمی کوششوں کا خیر مقدم کرے گا۔ روسی وزیر خارجہ کی تجویر کی چین حمایت کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔وزارت خارجہ کے ترجمان سے پوچھا گیا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے چین کا ایک خصوصی نمائندہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کرے گا۔اس پر آپ کا کیا تبصرہ ہے؟ترجمان نے کہا کہ چین پہلے ہی دونوں ملکوںمیں کشیدگی کے خاتمے کے لئے خصوصی کردار ادا کررہا ہے۔اور یہ کردار ادا کرتا رہے گا۔جس موجودہ صورت حال کو بدلنے کے لئے پاکستان اور بھارت کی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے رکھے ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن