عمان (نوائے وقت رپورٹ) عرب پارلیمانی اتحاد کے اجلاس کا 11 نکاتی اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فلسطینیوں کے حق خود ارادیت، جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کی قرار داد منظور کر لی گئی۔ مقبوضہ بیت المقدس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کر لیا گیا، فلسطین میں مسجد الاقصیٰ و دیگر مسلم، عیسائی عبادت گاہوں پر اردن کی سرپرستی کی حمایت اور مقبوضہ بیت المقدس میں مسلم، عیسائی مذہبی مقامات پر یہودیوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ عرب ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب، یو اے ای، مصر نے اسرائیل سے تعلقات کی مخالفت کی شق پر اعتراض کیا۔ سعودی مجلس شوریٰ نے کہا کہ عرب پارلیمانی اتحاد کو اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے یا نہ کرنے کا اختیار نہیں۔