لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان نے کہا ہے کہ بطور فیملی جج، ججز کو بہترکاکررگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ سائلین کو بروقت انصاف فراہم کیا جاسکے۔ جوڈیشل اکیڈمی میں فیملی ججز اور سول ججز کی ٹریننگ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی سیشن میں چیف جسٹس نے خصوصی شرکت کی جبکہ جسٹس عائشہ اے ملک، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ اور ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری بھی تقریب میں موجود تھیں۔ چیف جسٹس محمد شمیم خان نے جوڈیشل اکیڈمی میں ججز کی ٹریننگ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹریننگ کے بعد ججز کو فیصلے کرنے میں آسانی ہوگی بطور فیملی جج، ججز کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ چیف جسٹس نے یہ بھی کہاکہ امید ہے کہ ججز کی کاکردگی بہتر ہوگی۔ ادھر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان سے گورنر سٹیٹ بنک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون الرشید بھی موجود تھے ملاقات میں بنکنگ عدالتوں میں زیر التوا کیسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔