پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لیا :ترجمان پاک بحریہ

مستعدپاک بحریہ نے دشمن کی ایک اورچال ناکام بنادی، پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کاسراغ لگاکر  داخل ہونے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا  کرنا پڑا ، ترجمان پاک بحریہ  نے کہا  کہ  بھارتی آبدوزکاسراغ لگاکرپاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیاگیا ہے، پاک بحریہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کیساتھ ہردم چوکنا ہے۔پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہرکوشش کو ناکام بنایا، ترجمان بحریہ کا کہنا ہے کہ امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کی وجہ سے بھارتی آبدوزکونشانہ نہیں بنایاگیا، اور یہ پاکستان کی امن پسندی کاغمازہے، واقعہ سے سبق حاصل کرکے بھارت کوامن کی جانب راغب ہوناچاہیے۔ترجمان نے مزید کہاکہ یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کامنہ بولتاثبوت ہے، پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ ہرلمحہ مستعدوتیارہے، کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی فوٹیج بھی جاری کردیں ہیں ، کموڈور(ر)عبیداللہ نے کہا پاک بحریہ ایک بٹن سے بھارتی آبدوزکوسمندرکی تہہ میں دفناسکتی تھی لیکن پاک بحریہ نے پاکستان کی امن کی پالیسی کے وڑن کوآگے بڑھایا۔کموڈور(ر)عبیداللہ کا کہنا تھا کہ دشمن کی آبدوزہماری سرزمین کی جانب بڑھ رہی تھی، وزیراعظم عمران خان کااعلان ہے جنگ کی پالیسی ہے نہ جنگ چاہتے ہیں، پاک بحریہ نے دشمن کی آبدوزکونا صرف روکابلکہ واپس جانے پرمجبورکیا۔انھوں نے مزید کہا پاک بحریہ بالکل مستعد ہے اورپوری طرح تیارہے، جس آبدوزکوپکڑاگیایہ جدیدترین ہے پھربھی ہم سے نہ چھپ سکی، بھارتی آبدوزایک سال پرانی ہے، نومبر2017میں تیارکی گئی ہے۔خیال رہے نومبر 2016کے بعدیہ دوسراموقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوزکاسراغ لگایا ہے۔واضح رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔اس سے قبل 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی ، تاہم پاک فضائیہ کی بروقت ایکشن پر بھاگنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن