مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے : فردوس عاشق

Mar 05, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں بیان قابل تحسین ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل اور او آئی سی کی قراردادوں پر عملدرآمد کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ان مظلوموں کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ او آئی سی کی مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے، یہ امت مسلمہ کا کشمیریوں کیلئے احساس ہے اور بھارتی انسانیت سوز مظالم کا بھی اعتراف ہے، او آئی سی کے انتہائی اہم وفد کے آزاد جموں کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دورے سے بھارتی جرائم دنیا کے سامنے آئیں گے۔ پوری دنیا پر یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور انسانیت کے خلاف اپنے جرائم اور عالمی ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت ان جرائم میں ملوث نہ ہوتا تو او آئی سی سمیت پوری دنیا کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دیتا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چٹھی لندن لکھی جو آسٹریلیا گئے ان کو بھی واپس آنا پڑا‘ مسلم لیگ ن نے اب مریض سے متعلق اپ ڈیٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔ چٹھی کا یہ فائدہ ہوا کہ اب اپ ڈیٹس آنا شروع ہو گئی ہیں۔ لندن خط لکھتے ہی نیوز کانفرنسز کی بھر مار ہو گئی۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا دل کی حالت زیادہ خراب ہے۔ یہ کیسی سرجری ہے کہ مریض گھر پر لیٹا ہے دل کا علاج تو ہسپتال میں ہوتا ہے۔ دل کا مریض بچوں کے ساتھ لندن میں ہشاش بشاش ہے۔ نواز شریف کی صحت پر خود انکی جماعت سیاست کر رہی ہے‘ نواز شریف تو ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے تو کس ہسپتال کی رپورٹس ہمیں بھجوائی جا رہی ہیں‘ یہ کیسے دل کے مریض ہیں کہ گھر میں اپنے خاندان والوں کیساتھ بیٹھ کر دل پشوری کر رہے ہیں‘ ہم تو ان کی صحت پر پیش رفت مانگ رہے ہیں‘ یہ ابہام ہے کہ لندن میں کوئی ہسپتال ان کے بیماری کے علاج کیلئے دستیاب نہیں‘ ان کے ہسپتال میں داخل و اخراج کی کوئی دستاویز جمع نہیں کرائی گئی۔ بلاول بھٹو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نابالغ سیاستدان کہتے ہیں کہ پاکستان می صحافیوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے‘ وہ اس صحافی کو بھول گئے جس کو قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی گئی‘ بلاول سندھ میں صحافیوں کو تحفظ دینے پر توجہ دیں اور صوبے میں آزادی رائے کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان اداروں کو فعال بنانے کے لئے پر عزم ہیں اور یہ وزیراعظم کاروبار کرنے نہیں آئے بلکہ نظام میں گھسی کالی بھیڑوں کا صفایا کرنے آئے ہیں‘ یہ عوام کی ہمدرد حکومت ہے‘ ماضی کی حکومتیں جن اداروں کو سفید ہاتھی بنا کر گئیں ان کو بحال کرنے اور اپاہج کئے گئے ادارے ٹھیک کرنے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں