اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ این این آئی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں ترقیاتی فنڈز کا استعمال 39 فیصد رہا، ماضی میں اس دورانیہ میں فنڈز کا استعمال زیادہ سے زیادہ 32 فیصد تھا۔ گزشتہ 6 سالوں کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ ہوا، یہ گزشتہ 6 سالوں کے دورانیہ کا سب سے زیادہ تناسب ہے۔ پشاور، کراچی موٹروے منصوبہ 99 فیصد مکمل ہو چکا ہے، رواں مالی سال میں 17.7 ارب روپے پشاور۔کراچی موٹروے منصوبے پر خرچ ہوئے۔ سال کے پہلے 5 ماہ میں 87 ارب اور پچھلے صرف 3 ماہ میں 185 ارب کے ترقیاتی فنڈز خرچ ہوئے، ترقی کی رفتار میں اللہ کے فضل سے تیزی آ رہی ہے۔ فیصل آباد۔ خانیوال روڈ منصوبے پر 98 فیصد ترقیاتی کام ہوا ہے، اس منصوبہ کیلئے 5 ارب مختص کئے گئے ہیں۔ پانی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی پیشرفت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں کے دوران واٹر کورسز کی بہتری کے قومی پروگرام کے تحت 2.5 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے پر بھی کام شروع کیا گیا ہے اور اب تک 2.8 ارب خرچ ہو چکے ہیں۔ خضدار میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کیلئے 125 ملین روپے استعمال ہو چکے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام جاری منصوبوں کی تیز رفتار اور شفاف تکمیل کیلئے پرعزم ہے زائد ترقیاتی منصوبوں کیلئے 700 ارب روپے سے زائد پی ایس ڈی پی فنڈ خرچ ہوا۔ یہ گزشتہ چھ برس کے دورانیہ کا سب سے زیادہ تناسب ہے۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص فنڈز کاموثراستعمال یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں،حکومت مستقبل قریب میں مہنگائی میں کمی لانے کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ترسیلات زر، سٹاک ایکسچینج اوربرآمدات میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت پائیدارترقی کے حصول کے لئے کوشاں ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے ترقیاتی کام کاعمل تیزکرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ معیشت کی ترقی کے ثمرات سے موثر طورپراستفادہ کیا جا سکے۔