اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ متنوع علاقوں میں کثیرالمقاصد چیلنجوں سے نمٹنے کے دوران تربیت اور ٹیم ورک کسی بھی سپاہی کا طرہ امتیاز ہوتا ہے کیونکہ ان مشکل مقابلوں کے دوران شرکاء کو اپنی بہترین جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔ قربانی اور حب الوطنی کا جذبہ کسی بھی فورس کو، دشمن سے مقابلہ کی طاقت عطا کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں کے قریب تربیتی علاقہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’’پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے‘‘ ملاحظہ کئے۔ اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شرکاء کو ان مقابلوں میں کامیاب شرکت پر مبارک باد دی۔ اور کہا کہ ان مقابلوں کے ذریعہ اپنے بہترین تجربات کی شراکت کی بدولت جنگی استعداد کو فروغ دینے اور مقابلوں میں شرکت کرنے والے ملکوں کی افواج کو باہم مربوط کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت اور ٹیم ورک جوانوں کا طرہ امتیاز ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے، سخت ترین فوجی مقابلے شمار کئے جاتے ہیں جن کے دوران بقاء کی استعداد اور جسمانی صلاحیت جانچی جاتی ہے اور شرکاء کو باسٹھ گھنٹوں کے کم وقت میں پچیس سے زیادہ فیلڈ ایونٹ بھی نمٹانے ہوتے ہیں۔ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے علاوہ بیلا روس، چین، جرمنی، سعودی عرب، ترکی، سری لنکا، امریکہ، ازبکستان، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، مالدیپ، روس اور جنوبی افریقہ سمیت سولہ ملکوں کی ٹیموں نے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔ یہ مقابلے سخت ماحول میں یکم سے تین مارچ کے دوران انسداد دہشت گردی کے مرکز کھاریاں اور ملحقہ علاقوں میں منعقد ہوئے۔ آرمی چیف نے جیتنے والوں اور دیگر پوزیشنیں حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کراچی کی ٹیم نے مجموعی طور پر بہترین ٹیم کا اعزاز حاصل کیا۔ ملتان دوسرے اور بہاولپور کور کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ بین الاقوامی ٹیموں میں ترکی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ جب کہ سری لنکا، سعودی عرب اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے سلور میڈل اور پاک فضائیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔