لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سترویں میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ ٹیم نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دیدی۔اسلام آباد یونائٹیڈ نے تین وکٹوں پر 198 رنز بنائے۔ لاہور قلندر کی پوری ٹیم 127 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ 11.1 اوورز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ لیوک رونکی48 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سمیت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ کولن منرو نے اپنی نصف سنچری 32 گیندوں پر مکمل کی۔ شاداب خان سات رنز بنانے کے بعد محمد فیضان کا شکار ہو گئے۔ 159 کے ٹوٹل پر اسلام آباد کی تیسری وکٹ انگرام کی گری جو 29 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کی گیند پر وکٹ کیپر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اسلام آباد ٹیم نے 3 وکٹوںپر 198 رنز سکور کیے۔ کولن منرو 87 اور محمد آصف20 رنزپر ناٹ آوٹ رہے۔ محمد حفیظ، محمد فیضان اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 199 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لین اور سلمان بٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلی وکٹ صفرپر گری جب کرس لین ڈیل سٹین کی گیند پر رومان رئیس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ 10 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ شاداب خان نے بین ڈنک کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا کے پویلین کی راہ دکھائی۔ بین ڈنک نے 25 رنز بنائے۔سلمان بٹ 21 رنز بناکر ظفر گوہر کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ سمیت پٹیل 6 ‘ محمد فیضان 6 رنز بنا سکے۔ 87 کے ٹوٹل پر کپتان سہیل اختر بھی 8 رنز بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔87 کے سکور پر پرسانا 8 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ 89 کے سکور پر سلمان ارشاد کلین بولڈ ہو گئے۔ لاہور قلندر کی پوری ٹیم 127 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ عثمان شنواری اور دلبر حیسن کے درمیان دسویں وکٹ کی شراکت میں 38 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ عثمان شنواری 30 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ دلبر حسین 8 رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ظفر گوہر اور رومان رئیس نے تین تین، شاداب خان نے دو جبکہ ڈیل سٹین اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ کولن منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔