لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام پنجاب میں اہم کردار ادا کرے گی مستقبل میں پنجاب کا سیاسی منظر نامہ جے یو آئی علماء اسلام کے بغیر نامکمل ہوگا۔19مارچ کی تحفظ آئین پاکستان کانفرنس کی تیاری کے لئے گلی گلی کوچے کوچے تک پہنچیں عوام آپ کا خیر مقدم کریں گے، اہل لاہور کا کانفرنس میں خیر مقدم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے جے یوآئی کے ضلعی امیر مولانا نعیم الدین، ناظم عمومی مفتی عبد الحفیظ، بلال احمد میر، حافظ غضنفرعزیز، حافظ ریاض درانی، قاری امجد سعید، طارق شاہ، بلال خان درانی، حافظ عبدالرحمنٰ و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جے یو آئی نے حکمرانوں کو ان کی اوقات یاد دلادی ہے۔ کل تک آرٹیکل 6کی بات کرنے والے آج خوفزدہ ہوکر بھیگی بلی بن گئے ہیں، ملک میں قیادت کی عدم موجودگی نے ملکی سطح پر قیادت کا بحران پیدا کردیا ہے۔ عوام قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ صرف جمعیت علماء اسلام ہی رہنمائی کے لئے میدان عمل میں موجود ہے، ہم نے حکمرانوں کاایجنڈا ناکام بنا دیا ہے، معاشی بدحالی نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ عوام خودکشیوں پر آمادہ ہیں۔ معیشت کی کمزوری ملک کی تقسیم پر منتج ہوسکتی ہے لہذا مقتدرطبقے ہوش کے ناخن لیں اور ملکی سلامتی کی فکر کریں۔ مولانا فضل الرحمنٰ جے یوآئی کے دیرینہ کارکن حافظ شاہ عالم کے انتقال پر گزشتہ روز لاہور پہنچے اور اظہار تعزیت کے لئے قاری عبد العزیز کو فون کیا۔ اس موقع پر قائد جمعیت نے کہا کہ مرحوم انتہائی مخلص جماعتی کارکن تھے۔ انہوں نے زندگی بھر جے یو آئی کی خدمت کی‘ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات قبول فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
حکمرانوں کو اوقات یاد دلا دی‘ بھیگی بلی بنے بیٹھے ہیں: فضل الرحمن
Mar 05, 2020