اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 3 روز تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کو بھی گرچ چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ موسلا دھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ بالائی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا، کشمیر، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا اور لوگوں نے دوبارہ گرم کپڑے اور گیس ہیٹر استعمال کرنا شروع کر دیے۔
بارشوں کی وجہ سے کئی شہروں میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کشمیر، گلگت، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی وجہ سے گندم کی فصل کو جزوی نقصان کا بھی خدشہ ہے۔گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت سردی استور منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ، کالام منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ اور اسکردو میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔