ٹیکس سال 2019کے لئےفروری 2020تک 24لاکھ 72ہزار 609 ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے:ترجمان ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ ٹیکس سال 2019ءکے لئے 28فروری 2020ءتک 24لاکھ 72ہزار 609 ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں 45 فیصد زیادہ ہیں۔ایف بی آر کے ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ ٹیکس سال 2018ءکے ضمن میں ایف بی آر کو 16لاکھ 95ہزار 560 ٹیکس گوشوارے حاصل ہوئے تھے۔ ٹیکس سال 2019ءکے لئے 28 فروری 2020ءایف بی آر کو کل24 لاکھ 72ہزار 609 ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے، یہ شرح گزشتہ ٹیکس سال کے مقابلہ میں 45فیصد زائد ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گو شوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جاتی رہی اور 9اگست حتمی تاریخ تھی۔ اخباری خبروں کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مذکورہ خبروں میں ٹیکس سال 2018ءکی حتمی تاریخ جو 9اگست تھی کا موازنہ ٹیکس سال 2019ءسے کیا گیا ہے جو درست نہیں ہے، ٹیکس سال 2019ءکے لئے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 فروری 2020ءتھی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ خبروں میں کم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے حوالے اعدادو شمار درست نہیں ہے۔ٹیکس سال 2018ءکی حتمی تاریخ سے لیکر ٹیکس سال 2019ءکی حتمی تاریخ تک کل عرصہ 6 ماہ بنتا ہے جو کہ گزشتہ ٹیکس سال کے مقابلے میں کم عرصہ ہے لیکن اس کے باوجود چھ ماہ کے عرصہ میں 24لاکھ سے زائد گوشواروں کا حصول بہت بڑی کامیابی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ پر آنے کے لئے شہریوں کی طرف سے گوشوارے جمع کرانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے تاہم حتمی تاریخ کے بعد گوشوارے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
 
 

ای پیپر دی نیشن