حکومت خواتین کےحقوق کے تحفظ کےلئے پرعزم ہے: فردوس عاشق اعوان

Mar 05, 2020 | 16:46

ویب ڈیسک

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہْ الزہراکی سیرت طیبہ اور امہات المومنین جیسی جلیل القدر ہستیاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں معاون خصوصی نے کہا کہ ہرمسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہْ الزہراؓ کی سیرت طیبہ اورامہات المومنینؓ جیسی جلیل القدرہستیاں ہیں، پہلی مسلمان خاتون حضرت خدیجہ الکبریٰؓ تجارت پیشہ تھیں۔ اِسلامی تاریخ کے یہ روشن کردارہمارے لئے مشعل ِراہ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وجود کی نمائش خود عورت کی توہین ہے، خاتون کی عزت ووقاراس کی حیا ہے، میڈیا یا کسی بھی فورم پرعورت کی تضحیک و تذلیل ناقابلِ قبول رویہ ہے، ٹی وی چینل پرپیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے، میڈیا کو ایسے حساس معاملات پرزیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے ہرقسم کے استحصال کے خلاف ہے اورانکے آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی اورمعاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ عورتوں کے حق وراثت سے لے کرزینب الرٹ بل کی منظوری تک کے اقدامات عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت کے پختہ عزم اورسوچ کاواضح اظہارہے۔فردوس عاشق اعوان نےکہاہےکہ حکومت خواتین کے آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کےلئے پرعزم ہے۔
 

مزیدخبریں