لاہور (خصوصی نامہ نگار ) ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ فیروز پورروڈلاہورمیں تکمیل بخاری شریف کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں اساتذہ کرام،طلباء اور ان کے عزیزواقارب سمیت بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تقریب سے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم وناظم اعلی مولانا قاری ارشد عبید، نائب مہتمم صاحبزادہ مولانااحمدحسن، مولانا سیف الرحمان مہند، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا محمداکرم کشمیری،صاحبزادہ مولانا حا فط زبیرحسن اشرفی، مولانا عبدالرحیم چترالی،مولانا پروفیسر ڈاکٹر حافظ زا ہدعلی ملک اور دیگر اساتذہ کرام نے بخاری شریف اور اور دیگر کتب احادیث کی آخری حدیث شریف کا درس دیتے ہوئے طلباء کرام کونصیحت کی کہ وہ معاشرہ میں جاکر جوڑ پیدا کرنے والے علماء بنیں توڑ والے نہیں اور مولانا اشرف علی تھانوی کے اس سنہرے اصول اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں پر سختی سے عمل پیرارہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسل نو کے ایمان کی حفاظت،دین کی اشاعت اور اصلاح معاشرہ کے لئے اپنے اکابرین و اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حکمت و دانائی کے سا تھ محنت وکوشش کریں۔ اس موقعہ پر مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔