اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)ماہرین صحت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 800 ملین افراد موٹاپا کاشکارہیں، 2025 تک موٹاپا کے شکارافراد کے علاج پر 1 ٹریلین ڈالر سے زیادہ اخراجات آئیں گے،لہذا میٹھے سے بنی اشیا سے گریزکرکے خود کوبیماریوں سے بچائیں۔جگرپر چربی ہونے سے کینسر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں،ورزش کواپنامعمول بنائیں،شوگری ڈرنکس،تمباکونوشی،اضافی خوراک،شراب کااضافی استعمال موٹاپاکی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہیں،جن سے پرہیز ضروری ہے۔ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ)کے سینئر نائب صدربریگیڈیئرڈاکٹرعبدالقیوم کے زیرصدارت "موٹاپاکا عالمی دن"کے موقع پرایک اہم سیمینار کاانعقادکیاگیا،میزبانی کے فرائض پناہ کے جنرل سیکریٹر ی ثنا اللہ گھمن نے سرانجام دیے،مہمانوں میں میڈیکل سپیشلسٹ،ماہر معدہ،جگر،ذیابیطس امراض ڈاکٹرکرنل جنیدسلیم، ڈاکٹرعبدالقیوم،سکارڈن لیڈر غلام عباس،مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے،سیاسی،سماجی،طبی ماہرین،صحافیوں سمیت متعدد افرادنے شرکت کی۔