وزیراعظم کی تقریر پرالیکشن کمیشن کا جائزہ اجلاس ختم

Mar 05, 2021 | 14:24

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم اور وزرا کی تقاریر کا جائزہ لینے کیلئے بلایا گیا الیکشن کمیشن کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں ممبرز الیکشن کمیشن، سیکریٹری اور لا ونگ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریٹرننگ افسر اسلام آباد نے الیکشن سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اجلاس کی تفصیلات سے متعلق اعلامیہ جاری کرے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں اپوزیشن سمیت الیکشن کمیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا ہم چاہتے تھے کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے ہوں۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اوپن بیلٹ کی مخالفت کی۔  گزشتہ 30 سال سے سینیٹ الیکشن میں پیسہ چل رہا ہے۔

قبل ازیں سینیٹ الیکشن کے بعد وزرا نے بھی پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر تنقید کی تھی۔

شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے تھے۔

وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے نہیں نبھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو آنے کے بعد الیکشن کمیشن پر زیادہ ذمہ داری آتی تھی کہ وہ صفاف الیکشن کراتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاسی کلچر کو تبدیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔لیکن الیکشن کمیشن شفافیت کی یقین دہانی کرانے میں ناکام رہا۔

مزیدخبریں