ہفتہ کا دن ضمیر اور ووٹ فروشوں کی سبکی کا دن ہے۔ سبطین خان

وزیر جنگلات پنجاب سردار محمد سبطین خان سےسینئر کالم نگار و دانشور توفیق بٹ کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب کے جنگلات کا حسن بحال کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ توفیق بٹ نے اپنی سیاحت کے دوران جنگلات بارے مشاہدات اور اپنے تحفظات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا اور جنگلات کے تحفظ و بحالی حوالے سے اقدامات پر وزیر جنگلات کے کردار کی تعریف بھی کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاست اور بالخصوص سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے سبطین خان نے کہا کہ ہفتہ کا دن ضمیر اور ووٹ فروشوں کی سبکی کا دن ہے۔ پارلیمان کے وزیراعظم پر اظہار اعتماد کرنے سے اپوزیشن کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یوسف رضا گیلانی کو جتوانے کیلئے غیر قانونی اور غیر آئینی حربے استعمال کیے۔ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ نوٹ کو عزت دینے پر آکر ٹھہرا۔ ضمیر اور ووٹوں کے ایسے سوداگر جمہوریت پر داغ ہیں جنہیں ہر صورت بے نقاب ہونا چاہئے کیونکہ جو پارٹی کا وفادار نہیں وہ کسی سے وفادار نہیں ہو سکتا۔ صوبائی وزیر نے مطالبہ کیا کہ پارٹی سے غداری کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جمہوری روایات کے امین سیاستدان اور جمہوری استحکام کی واحد امید ہیں۔ اس موقع پر سبطین خان نے توفیق بٹ کو اپنے خلاف کرپشن کیس کے حقائق سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ بے بنیاد کیس ان کے دور حکومت سے تعلق نہیں رکھتا۔  میرا دامن صاف ہے۔ قومی وسائل کا امین ہوں۔ کرپشن کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ صوبائی وزیر نے توفیق بٹ کی تجاویز پر محکمہ جنگلات کے نیشنل پارکوں کے سرپرائز وزٹ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کا حسن بحال کرنا اولین ترجیح ہے۔ محکمہ جنگلات اس ضمن میں متحرک ہے تاہم کہیں کسی کمی کی نشاندہی ہوگی تو محکمہ جنگلات فوری ایکشن لیتے ہوئے اس قومی ورثہ کے تحفظ و بحالی کیلئے فوری ایکشن لے گا۔

ای پیپر دی نیشن