اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ہفتے میں مہنگائی 0.04 فیصد بڑھ گئی۔ مہنگائی کی مجموعی شرح 15.23 فیصد ہوگئی۔ ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی 26 روپے 49 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ زندہ مرغی کی اوسط قیمت 279 روپے 55 پیسے فی کلو ہوگئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 217 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں گھی 16 روپے 71 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ جولائی تا جنوری کے دوران باسمتی چاولوں کی برآمدات کا حجم 362.18 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران باسمتی چاولوں کی برآمدات سے 281.67 ملین ڈالر زر مبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران باسمتی چاول کی ملکی برآمدات میں 80.51 ملین ڈالر یعنی 28.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق نان باسمتی چاول کی برآمدات میں 5.6 فیصد اضافہ سے برآمدات کی مالیت 875.96 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 924.67 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔