لاہور(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے اوپنرمام الحق کی سنچری اور اظہر علی کی نصف سنچری کی بدولت 1 وکٹ پر 245 رنز بنالیے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 سال بعد کھیلی جانے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن مقررہ 90 اوورز کا کھیل ہوا، امام الحق 132 اور اظہر علی 64 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا کو راولپنڈی کے ٹیسٹ کے پہلے دن صرف عبداللہ شفیق کی صورت میں واحد کامیابی ملی، جو 44 رنز کی بناکرلیون کا شکار بنے۔دوسری وکٹ پر دونوں بیٹرز نے آسٹریلوی بائولرز کی ایک نہ چلنے دی، 140 رنز کی شراکت کیلئے امام الحق اور اظہر علی نے 56 اوورز وکٹ پر قیام کرلیا ہے۔امام الحق نے 272 گیندوں کا سامنا کیا، 2 چھکے اور 15 چوکے لگائے اور 132 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔دوسری طرف اظہر علی نے 165 گیندیں کھیلیں اور 64 رنز کی اننگز کے دوران 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے امام الحق کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی پر جوش اپیل کی جسے فیلڈ امپائر کی جانب سے مسترد کیا گیا۔مہمان کپتان نے اپیل پر ری ویو لیا جسے تھرڈ امپائر نے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے مسترد کردیا۔وزیراعظم عمران خان 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا خیرمقدم کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ 24 سال کے وقفے کے بعد پاکستان آنیوالی آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کوخوش آمدید کہتا ہوں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے مداح ہمیشہ سے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم سے محبت اوراس کا احترام کرتے ہیں۔ہم سب دلچسپ اورمقابلے سے بھرپورسیریز کے منتظرہیں۔وزیراعظم نے پاکستان اورآسٹریلیا کی ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا۔وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے لیجنڈری وکٹ کیپرراڈنی مارش کے انتقال پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ راڈنی مارش صرف اچھے کرکٹرہی نہیں تھے بلکہ ایسی شخصیت تھے جن کا احترام نہ صرف دونوں ٹیمیں بلکہ مخالفین بھی تھے۔فواد چودھری نے کہا ہے کہ چوبیس سال بعد پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹاکرا، قوم بابر اعظم اور ٹیم پاکستان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔ شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمارے لئے خوبصورت بنایا، آسٹریلوی ہائی کمیشن نے ایونٹ کو ممکن بنانے کیلئے بہت محنت کی۔